الہ آباد // گورکھپور کے بابا رگھور داس میڈیکل کالج میں گزشتہ سال اگست میں ہوئی بچوں کی اموات کے معاملہ میں ملزم ڈاکٹر کفیل خان کو الہ آباد ہائی کورٹ نے بدھ کو ضمانت دیدی۔ گزشتہ تقریبا سات مہینے سے کفیل خان گورکھپور کی جیل میں بند ہیں۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے جسٹس یشونت شرما کی ایک رکنی بینچ نے ڈاکٹر کفیل کی ضمانت کی عرضی منظور کرلی۔ضمانت ملنے کے بعد ڈاکٹر کفیل کے بھائی عدیل احمد خان نے نیوز 18 سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انصاف ملا ، لیکن کافی تاخیر سے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ڈاکٹر کفیل کو جیل سے باہر نکلنے میں تین سے چار دن لگیں گے۔اس سے پہلے 19 اپریل کو ڈاکٹر کفیل خان کی طبیعت خراب ہونے کے بعد جیل انتظامیہ انہیں ضلع اسپتال میں چیک اپ کیلئے لے گئی تھی۔ کفیل خان نے سینے میں درد کی شکایت کی تھی۔ کچھ دن قبل ہی ڈاکٹر کفیل کی اہلیہ ڈاکٹر شبستہ خان نے جیل انتظامیہ پر ان کی خراب طبیعت پر توجہ نہ دینے اور لاپروائی برتنے کا الزام لگایا تھا۔قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر کفیل ضلع جیل میں ستمبر سے بند ہیں۔ گلرہا تھانہ میں ڈاکٹر کفیل سمیت نو افراد کے خلاف کیس درج ہے۔ اگست 2017 میں بی آر ڈی میڈیکل کالج میں مبینہ طور پر آکسیجن کی کمی سے 60 بچوں کی اموات کے معاملہ میں ڈاکٹر کفیل سمیت نو لوگ ملزم ہیں۔