عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کی بیگو ناڑا تا الال رابطہ سڑک انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے، جس کے باعث مقامی باشندگان، طلبہ اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں معروف سماجی کارکن سید منظر علی شاہ نے دیگر مقامی عوامی نمائندوں کے ہمراہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی پر سنگین غفلت برتنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سڑک کی بلیک ٹاپنگ کو کئی سال گزر چکے ہیں، تاہم اس کے بعد سے متعلقہ محکمہ نے اس کی جانب کوئی توجہ نہیں دی۔ نتیجتاً سڑک جگہ جگہ سے کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے اور اب یہاں سے گاڑی گزارنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہو گیا ہے۔ سید منظر علی شاہ نے مزید کہا کہ یہ ایک تنگ سڑک ہے جہاں اسکولی گاڑیوں کو کراسنگ میں خاصی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے بچوں کی حفاظت بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر مستقبل میں اس سڑک پر کوئی جانی یا مالی نقصان پیش آتا ہے تو اس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ پر عائد ہوگی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو متعدد بار محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لایا جا چکا ہے، مگر افسوس کہ تاحال کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔ سید منظر علی شاہ نے کہا کہ جب مغل روڈ جیسے اہم منصوبے کی رفتار سست روی کا شکار ہے تو رابطہ سڑکوں اور گلی کوچوں کی حالت کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ضلع اور تحصیل انتظامیہ سے اپیل کی کہ بیگو ناڑا تا الال سڑک کی فوری مرمت اور بہتری کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، تاکہ عوام الناس، بالخصوص اسکولی بچوں کو بنیادی سفری سہولیات میسر آ سکیں اور کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ اگر ان کی آوازوں پر بروقت توجہ نہ دی گئی تو وہ سڑک پر احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔