سرینگر// بیگم شیخ محمد عبداللہ کی 22ویں برسی پر نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نسیم باغ میں واقع مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔ اس موقع پر پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، صوبائی صدر کشمیر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران مبارک گل، محمد سعید آخون، شمیمہ فردوس، تنویر صادق، پیر آفاق احمد، سلمان علی ساگر، صبیہ قادری اور دیگر لیڈرن بھی موجو دتھے۔اس موقع پر پارٹی لیڈران نے بیگم عبداللہ کی تاریخ ساز سیاسی، سماجی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مرحومہ نے سماج کے پسماندہ طبقوں ، گجر بکروال اور پہاڑی لوگوں کی فلاح و بہبود اور انہیں تعلیم سے آراستہ کرنے میں جو کلیدی رول ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرحومہ 67سال کے طویل عرصے تک کشمیری کی سیاسی، سماجی زندگی پر چھائی رہی۔ انہوں نے ریاستی عوام کو خواب غفلت سے جگانے ، فرقہ وارانہ بھائی چارے کو تقویت دینے اور عوام خاص کر خواتین کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں کلیدی رول ادا کیا اور اپنے آپ کو بیسویں صدی کی سب سے ممتاز کشمیری خاتون ثابت کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے تقریب کے اختتام پر بیگم عبداللہ کے قبرستان پر آنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ ادھر شیر کشمیر بھون جموں میں بھی بیگم عبداللہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب پر صوبائی صدر جموں ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، سینئر لیڈران ڈاکٹر بشیر احمدویری، صوبائی سکریٹری جموں شیخ بشیر احمد، ستونت کور ڈوگرہ، سورن لتا، وجے لوچن، عبدالغنی تیلی، وجے لکشمی دھتا، دلجیت شرما، رشیدہ بیگم اور دیگر عہدیداران بھی موجو دتھے۔ مقررین نے مرحومہ کو بیسویں صدی کی ایک عظیم لیڈر اور عوامی خدمت گار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحومہ کو بہت وقت تک یاد کیا جاتا رہے گا۔
جبکہ لیہہ ، کرگل، ڈوڈہ ، کشتواڑ، پونچھ، راجوری، گول، رام بن اور زنسکار کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی تقریب کا انعقاد ہوا۔ نسیم باغ میں منعقدہ مختصر تقریب میں جن دیگر عہدیداران نے شرکت کی اُن میں حاجی غلام نبی راتھر، یونس مبارک گل، نثار احمد نثار، ڈاکٹر سعیدمخدومی، قیصر جلالی، انجینئر سمیر بٹ، مشتاق احمد میر، بلال احمد گنائی کے نام قابل ذکر ہیں۔