اودھمپور//عام لوگوں کو ’’ بیٹی بچائو، بیٹی پڑھائو مہم ‘‘سے بیداری پیدا کرنے کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپور رویندر کمار نے جمعہ کے روز’’ گرل چائیلڈ بچائو ‘‘ پر تیسرا پوسٹر جاری کیا۔اس سلسلہ میں تقریب کا اہتمام این جی او سمپارک اکنامکل ڈیولپمنٹل سوسائٹی نے کیا تھا ،جو کہ گرل چائلڈ بچائو کے موضوع پر بیداری پیدا کرنے میں مشغول ہے۔ اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ڈی سی نے این جی او کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ این جی او لوگوں میں اس موضوع پر بیداری پیدا کرنے میں ایک اہم رول ادا کر رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ ایسے بیداری پروگراموں سے سماج پر کافی اچھا اثر پڑے گا۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے لانچ کی گئی سکیم کے مقاصد کا شمار کرتے ہوئے ا نہوںنے کہا گرل چائلڈ کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیا گیا ہے اور دختر کشی کی بدعت کو ختم کرنے کے لئے پہلے ہی عوام میں بیداری پیدا کرنے کے پروگرام چلائے جا رہے ہیں۔انہوںنے این جی او سے مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کرنے کیلئے کہا ،تاکہ لوگوں میں بیٹیوں کے تئیں بیداری پیدا کی جا سکے۔پروگرام کے دوران این جی او کی صدر نشا ورما نے شکریہ کا ووٹ پیش کیا اور این جی او کے متعلق جانکاری دی۔پروگرام میں ضلع پنچایت افسر سندیپ سیونترا،ضلع سوشل ویلفئیر افسر رچنا شرما ،ڈپٹی چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر سنتوش شرما ،سیکرٹری ایس ای ڈی ایس شفالی شرما، ایس ای ڈی ایس کے سینئر ممبران نیلم گپتا،سوشانت بیگڑا، شوالی وید ،بی آر رادھے کے علاوہ این جی او کے عہدہ داروں نے بھی شرکت کی۔