خان محمد یاسر
زمانہ ترقی کر رہا ہے، اقدار بدل رہی ہیں، اور عورت کا مقام بھی ایک نئے شعور سے ہمکنار ہو رہا ہے۔ لیکن اس کے باوجود، عورت کے رشتوں سے متعلق کئی روایتی سوال آج بھی معاشرتی فضا میں گردش کرتے ہیں۔ ایسا ہی ایک سوال اکثر زیرِ بحث آتا ہے:’’بیوی کا اصل سسرال کون سا ہے؟ کیا وہ صرف سسرال کی ہو جاتی ہے یا اْس کی شناخت شوہر سے جْڑی ہوتی ہے؟‘‘یہ سوال سادہ سا ہے، مگر اس کا جواب معاشرتی سوچ کی جڑوں کو جھنجھوڑ سکتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بیوی کا اصل سسرال نہ وہ گھر ہے جس میں وہ بیاہی جاتی ہے، اور نہ ہی وہ میکہ جہاں اْس نے آنکھ کھولی، بلکہ وہ مقام ہے جو وہ شوہر کے دل میں حاصل کرتی ہے۔شوہر کے دل میں مقام—اصل کامیابی بیوی اگر شوہر کے دل میں محبت، اعتماد اور عزت حاصل کر لے، تو پھر دنیا کا کوئی رشتہ اْسے کمزور نہیں کر سکتا۔ ایک سادہ زبان، مخلص جذبے، اور خلوص کے ساتھ نبھایا جانے والا رشتہ بیوی کو وہ وقار دیتا ہے جو کسی مال و دولت یا سسرالی جائیداد سے ممکن نہیں۔جب بیوی شوہر کے دل پر راج کرتی ہے، تب وہ سسرال میں بھی باعزت ہوتی ہے اور میکے میں بھی سرخرو۔ اْس کی بات سنی جاتی ہے، اْس کے فیصلوں کو وقعت دی جاتی ہے، اور اْس کی موجودگی گھر کی بنیاد کو مضبوط بناتی ہے۔
محبت، صبر اور فہم—رشتے کی بنیاد :
عورت کے لیے محبت دینا فطری ہے، مگر اْسے محبت میں بدلے کی امید بھی ہوتی ہے۔ شوہر اگر بیوی کے جذبات، احساسات، اور قربانی کو سمجھے، تو دونوں کے درمیان ایسا مضبوط رشتہ قائم ہو جاتا ہے جو زندگی کے ہر اتار چڑھاؤ میں قائم رہتا ہے۔اسی طرح بیوی اگر شوہر کی کمزوریوں پر پردہ ڈالے، اْس کے دکھ میں ہمقدم ہو، اور اْس کے خوابوں میں شریک ہو، تو وہ دل میں وہی مقام حاصل کرتی ہے جو ایک بادشاہ اپنے ولیعہد کو دیتا ہے۔
بدلتے معاشرے میں نئی سوچ کی ضرورت:
آج کی عورت تعلیم یافتہ، با شعور اور با وقار ہے۔ مگر اْسے صرف شوہر کی دولت نہیں، بلکہ اْس کے دل کی سلطنت چاہیے۔ شوہر کا دل جیتنا ہی اْس کی اصل فتح ہے۔ اسی لیے بیوی کو سسرال میں اپنے وجود کی جنگ لڑنے سے پہلے شوہر کے دل کو اپنا بنانا چاہیے، کیونکہ جب شوہر اْس کا ہو جاتا ہے تو ساری دنیا اْس کے لیے نرم ہو جاتی ہے۔
بیوی کا اصل سسرال وہ گھر نہیں، جہاں اْس کے نام کی تختی ہو، بلکہ وہ دل ہے جہاں اْس کے نام کی محبت ہو۔ جب شوہر کے دل میں بیوی کے لیے جگہ ہو، تو سسرال کی ہر دہلیز اْس کے لیے نرم ہو جاتی ہے، اور میکے کی ہر دعا اْس کے حق میں قبول ہونے لگتی ہے۔
رابطہ۔9881296564