جاوید اقبال
مینڈھر// بیوپار منڈل مینڈھر کی ٹیم نے جمعہ کے روز کالابن کا دورہ کرکے زمین دھنسنے سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ پچھلے چھ روز سے لگاتار لینڈ سلائیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی زد میں آکر 40 کے قریب مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ 70 سے زائد مکانات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں افراد کو علاقے سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے اور نقل مکانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔اس دوران انتظامیہ نے متاثرہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔ بیوپار منڈل مینڈھر کے صدر بلرام شرما نے اپنی ٹیم کے ہمراہ متاثرہ مقام کا دورہ کیا اور متاثرین کو یقین دلایا کہ وہ اس مشکل وقت میں اکیلے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیوپار منڈل متاثرین کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔بلرام شرما نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں وہ ضلع و تحصیل انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ضرورت پڑنے پر گورنر سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بھرپور امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جتنی بھی مدد بیوپار منڈل کی جانب سے ممکن ہو گی، وہ فراہم کی جائے گی۔انہوں نے ایس ڈی ایم مینڈھر کو بھی مبارک باد دی جو دن رات موقع پر موجود رہ کر متاثرہ لوگوں کی بھرپور معاونت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر پولیس اہلکار بھی علاقہ میں تعینات رہے اور مکمل نگرانی کر رہے ہیں۔ دورے میں بیوپار منڈل سے ستیش ساسن، راجیو گپتا، وینود دتہ اور دیگر اراکین بھی شریک تھے۔