فیاض بخاری
بارہمولہ//بارہمولہ قصبہ کے تاجروں اور دکانداروں کی نمائندہ تنظیم بیوپار منڈل بارہمولہ کے صدر اور جنرل سکریٹری کے عہدوں کے لیے انتخابات ہوئے جس کے نتیجے میں سابق جنرل سکریٹری انجینئر طارق مغلو کو صدر اور نوجوان تاجر فاروق احمد کانرو کو جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا۔ کل 2240 ووٹروں میں سے 1143 نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔دن بھر کی ووٹنگ کے بعد الیکشن بورڈ نے شام کو نتائج کا اعلان کیا۔اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا گیا۔
نوجوان تاجر طاہر احمد کے حامیوں نے جن کا انتخابی فارم متعلقہ الیکشن بورڈ نے مسترد کر دیا تھا، نے الگ گروپ بنانے کا اعلان کر دیا۔ طاہر احمدکا کہنا تھا کہ انہیں بورڈ کی جانب سے صدارتی امیدوار بننے کے لیے سیریل نمبر 101 فارم دیا گیا تھا اور پھر یہ فارم اس بنیاد پر مسترد کر دیا گیا تھا کہ یہ جنرل سیکرٹری کے عہدے کے لیے فارم تھا۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں مجھے دوسرا یا متبادل فارم دیا گیا لیکن وہ بھی منظور نہیں کیا گیا جس کے بعد ہمیں عدالت سے رجوع کرنا پڑا۔