سرینگر// خدمتِ محتاجگاں کے اپنے مشن کو آگے بڑھاتے ہوے ٔجموں و کشمیر یتیم ٹرسٹ نے اپنے مرکزی دفتر واقع ہفت چنار بالمقابل اقبال پارک میں ایک سادہ مگر پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا۔ جس میں ٹرسٹ سے ُمنسلک رجسٹرڈ بیواؤں میں گرم ملبوسات کے 500کٹ تقسیم کئے ۔فی کٹ ایک عدد کمبل ، ایک عدد فرن، اور ایک عدد اونی بنیان پر مشتمل ساڑھے آٹھ لاکھ روپے سے زائد مالیت کی تقسیم کاری کی۔ تقریب میں برگذیدہ شخصیات کے علاوہ زندگی کے مختلف مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والے ذی عزت حضرات نے شمولیت فرمائی۔ تقریب کی صدارت ٹرسٹ کے سرپرست ظہور احمد ٹاک نے انجام دی۔اُنہوں نے اس موقعے پر بیواؤں سے تاکید کی کہ وہ اپنی تمام تر توجہ اپنے بچوں کو تعلیم کے ُنوُر سے آراستہ کرنے پر مرکوز رکھیں۔اُنہوں نے ان بیواؤں سے تلقین فرمائی کہ وہ اپنے اور اپنے بچوں میں خود اعتمادی ، خدا ترسی اور بہترین اخلاق و کردار پیدا کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔