مشتاق الاسلام
پلوامہ// بین وزارتی مرکزی ٹیم نے منگل کو ضلع پلوامہ کا دورہ کیا۔ٹیم نے پانپور، کاکا پورہ اور اونتی پورہ تحاصیل میں واقع سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا معائینہ کیاجن میں باغات، دھان کے کھیت، تباہ شدہ سڑکیں، بنڈ اور پُل شامل تھے۔ بعد میں ٹیم نے سرکٹ ہاؤس پلوامہ میں ایک جائزہ میٹنگ کا اِنعقاد کیا جس میں ضلع کا خاکہ، جغرافیائی تناظر، اور شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرات کے حوالے سے ایک تفصیلی پرزینٹیشن دی گئی۔ٹیم کو جانکاری دی گئی کہ ضلع اِنتظامیہ نے سیلاب کے دوران کثیر الجہتی اور مرحلہ وار ریلیف رسپانس اختیار کیا۔میٹنگ میں ریسکو اور ریلیف اقدامات جیسے راشن کی فراہمی، ٹینکروں کے ذریعے پینے کے پانی کی سپلائی، فوڈ کِٹس و طبی اِمدا د اورپسماندہ کنبوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ٹیم کو بتایا گیا کہ بجلی کی ترسیل، پینے کے پانی کی سکیموں، سڑکوں، پُلوں، آبپاشی چینلوں اور سکولوں کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ عارضی بحالی کے کاموں کو فوری طور پر ترجیح دی گئی اور متاثرہ سکولوں میں حفاظتی آڈِٹس بھی کئے گئے جہاں ضروری ہوا وہاں عارضی طور پر منتقلی کی گئی۔ٹیم کومزید بتایا گیا کہ قلیل مدتی اقدامات جیسے سڑکوں کی صفائی، بجلی و پانی کی بحالی، اور راشن کی فراہمی پر فوری عمل کیا گیا ہے جبکہ طویل مدتی منصوبہ بندی بھی جاری ہے جس میں کناروںکو مضبوط بنانا ، سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات اور آفات سے نمٹنے کے نظام کو مضبوط بنانا شامل ہے۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ محکموں کی سطح پر نقصانات کی تفصیلات اور تخمینے مرتب کئے جا رہے ہیں تاکہ انہیں مرکزی حکومت کو پیش کیا جا سکے۔