جموں//جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لعل سنگھ نے جنگلات اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے جامع اور مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے۔گورنمنٹ ڈگری کالج مہانپور میں بین الاقوامی یوم حیاتیاتی تنوع کے موقعہ پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ انسانیت کی بقاء کے لئے سبز سونے کا تحفظ کافی اہم ہے۔ انہوںنے کہا کہ ریاست قدرتی وسائل سے مالامال ہے جس کا تحفظ کرنا ہم سب کی مجموعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے جنگلات کے تحفظ کے لئے عوام میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیا ۔ ریاستی ڈائیورسٹی بورڈ کی سرگرمیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر نے بورڈ کے ممبران کو مقررہ اہداف حاصل کرنے کی تلقین کی۔انہوںنے افسران کو مختلف اقسام کے درختوں کی شجر کاری کے علاوہ جنگلات کی حد بندی کرنے کے بھی احکامات دئیے۔ اس کے علاوہ انہوںنے جنگلاتی اراضی پر ناجائز قبضہ نہ ہونے دینے کے بھی احکامات دئیے۔بعد میں انہوںنے 3کلومیڑ لمبے مہانپور لنک روڈ اور 8 کلومیٹر مہانپور موڈ ۔ اتھالٹہ سڑک کا بھی سنگ بنیاد رکھا ۔اس موقعہ پر چیف کنزرویٹر جنگلات کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔