یو این آئی
کراچی/پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ممکنہ واپسی کی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے واضح کر دیا کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ۔ ایک ویڈیو پیغام میں محمد عامر نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ میں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کر رہا ہوں، تاہم ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو تین دن سے سن رہا ہوں کہ محمد عامر کم بیک کر رہے ہیں ،ایسا کوئی معاملہ نہیں، میری کسی سے واپسی یا ریٹائرمنٹ واپس لینے پر کوئی بات نہیں ہوئی، اور نہ ہی میرا کوئی ایسا ارادہ ہے ، میں نے جو فیصلہ کیا تھا وہ حتمی ہے ۔ عامر نے مزید کہا کہ اگرچہ مداح چاہتے ہیں کہ میں دوبارہ کھیلوں، مگر پاکستان کرکٹ کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ، نوجوان کھلاڑیوں کو مستقل مواقع ملنے چاہئیں، تب ہی اگلے دو تین سال میں ایک مضبوط ٹیم تیار ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم جلد ایک بار پھر بڑی کامیابیاں سمیٹے گی، ہم ایشیا کپ فائنل کھیل چکے ہیں، اب امید ہے کہ ہم ورلڈ کپ فائنل بھی کھیلیں اور جیتیں۔ محمد عامر نے چیف سلیکٹر کے عہدے پر تبدیلی سے متعلق سرفراز احمد کی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ اگر سرفراز احمد چیف سلیکٹر بنتے ہیں یا بطور سلیکٹر آتے ہیں تو یہ ایک بہترین فیصلہ ہوگا، وہ موجودہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل چکے ہیں، جس سے فائدہ ہو سکتا ہے ۔