نئی دہلی//بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 4.67 روپے اور 1.61 روپے کی کمی آئی ہے ۔ تیل مارکیٹنگ کی معروف کمپنی انڈین آئل کے مطابق جمعہ کو ملک کے چار بڑے شہروں میں پٹرول کی قیمت 20 پیسے اور ڈیزل 15 پیسے تک کم ہوئی ہے ۔ راجدھانی دہلی میں پیٹرول 19 پیسے سستا ہوا۔ آج اس کی قیمت 79.18 روپے فی لیٹر ہے ۔ ممبئی میں پٹرول 84.68 روپے فی لیٹر پر آ گیا۔ ان دونوں شہروں میں ڈیزل کی قیمت بالترتیب 73.64 اور 77.18 روپے فی لیٹر ہے ۔ چنئی میں پٹرول 82.26 اور کولکاتہ میں 81.08 روپے فی لیٹر ہے ، جبکہ ڈیزل کے دام بالترتیب 77.85 روپے اور 75.50 روپے فی لیٹر ہیں۔ تیل کی صنعت سے وابستہ ماہرین کا خیال ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے آنے والے دنوں میں مقامی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمت مزید کم ہو سکتی ہے ۔ یو این آئی