عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ انہوں نے حملے میں ہوئے جانی نقصان پر زبردست گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت قابل مذمت اور ملامت ہے ، یہ حملہ ایران کی خودمختاری اور سلامتی کو نقصان پہنچاتا ہے اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل مکمل طور پر بے لگام ہوگیا ہے اور فلسطین میں ظلم و بربیت کے تمام ریکارڈ مات کررہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت اور بربریت کا خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے اور ایک سال 8ماہ سے جاری بمباری پر صرف بیان بازی سے ہی کام چلا رہا ہے۔ اس سے قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے احمد آباد میں ہوائی جہاز کے المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔