عظمیٰ نیوزسروس
جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈلو نے سول اِنتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ فصیل بندی اور بین الاقوامی سرحد کے درمیان زمینی پٹیوں کی کاشت کاری کے لئے زرعی پیداوار محکمہ، متعلقہ ضلعی اِنتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کو باہمی تعاون سے کسانوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔یہ میٹنگ کسانوں کو اُن کی زمینوں کوکاشت میں لانے کے لئے مختلف اقدامات پر غوروخوض کرنے کے لئے طلب کی گئی تھی جس میں پرنسپل سیکرٹری زراعت، پرنسپل سیکرٹری داخلہ، آئی جی بی ایس ایف،ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ، جموں، سانبہ، پونچھ اور راجوری سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ اَفراد پر زور دیا کہ کسانوں کو فصیل بندی اور بین الاقوامی سرحد کے درمیان موجود تمام قابل کاشت زمین پر کاشت کاری کرنے کی ترغیب دیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس طرح کی زمینوں کی حیثیت قطع نظر نہیں،پیداواری اِستعمال میں لایا جانا چاہیے تاکہ مقامی خوراک کی دستیابی میں اضافہ ہو۔اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کو ان کسانوں کو سہولیت فراہم کرنی چاہیے اور سیکورٹی فورسز کو ان کی حفاظت کی یقین دہانی کرنی چاہیے۔ اُنہوں نے متعلقہ اِداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کو موزوں فصل یا چارہ اُگانے سے متعلق مشورے دیں۔اَتل ڈولو نے کہا کہ کسانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے تاکہ آئندہ کاشت کے سیزن سے قبل یہ بنجر زمینیں قابلِ کاشت بن سکیں۔ اُنہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت کے اعلیٰ اَفسران ان اضلاع کا دورہ کر کے موقعے پر ہی مسائل کاجائزہ لیں تاکہ ضلعی انتظامیہ اور وہاںسرحدی حفاظت کرنے والے سیکورٹی فورسز کی مشاورت سے انہیں موقعہ پر ہی حل کریں۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار شیلندر کمار نے کہا کہ محکمہ ان کسانوں کو ضروری مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروںکو ہدایت دی کہ وہ فوری مسئلے پر پیشگی کام کریں تاکہ معائینے کے دن تمام رُکاوٹوں کو موقع پر ہی دور کیا جا سکے۔میٹنگ میں آئی جی ،بی ایس ایف نے فصیل بندی اور بین الاقوامی سرحد کے درمیان زمین کے اِستعمال کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ اُنہوں نے ان زمینوں کی کامیاب کاشت کاری کے لئے مقامی لوگوں کے کچھ مطالبات کو بھی اُجاگر کیا اور فورسز کی طرف سے یقین دہانی کی کہ وہ یو ٹی میں ان زمینوں کے پیداواری اِستعمال کے لئے مقامی لوگوں کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔