جموں//بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی معاہدہ کی تازہ خلا ف ورزی میں ایک بی ایس ایف اہلکار زخمی ہو گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ آر ایس پورہ سیکٹر میں اگلی چوکی پر تعینات یہ اہلکار پاکستان کی طرف سے کی گئی فائرنگ میں زخمی ہوا جس کے بعد اسے ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے ۔ یہ واقعہ 17جولائی کو بی ایس ایف اور پاکستان رینجرز کے مابین سانبہ میں منعقدہ فلیگ میٹنگ کے بعدقریب ایک ہفتہ بعد پیش آیا ہے ، اس میٹنگ میں سرحدی افواج نے بین الاقوامی سرحد پر امن و امان قائم رکھنے اور معاہدہ کی پاسداری کرنے پر اتفاق کیا تھاجب کہ تین روز قبل چکاں دا باغ میں قریب ڈیڑھ سال بعد منعقد ہونے والی کمانڈنٹ سطح کی میٹنگ میں امن قائم رکھنے کا عہد دہرایا گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ آر پارجموں کشمیر میں حد متارکہ پر اگر چہ ہند پاک افواج کے مابین فائرنگ اور شیلنگ کے واقعات پیش آنا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے ، رواں برس کے دوران گولی باری میں اس قدر شدت پیدا ہوئی کہ کنٹرول لائن کے دونوں طرف جانی اور مالی نقصان کی وارداتیں پیش آئیں۔یکم اگست تک جنگ بندی معاہدہ کی 285خلاف ورزیاں پیش آ چکی ہیں اس دوران 9فورسز اہلکار ہلاک جب کہ 18زخمی ہو گئے ہیں۔مئی میں سیز فائر کی 79خلاف ورزیاں ہوئیں،جون میں جنگ بندی معاہدہ کی 83بار خلاف ورزی ہوئی جب کہ ماہ جولائی کے دوران ان واقعات میں مجموعی طور فوج کے ایک جے سی او سمیت9اہلکار اور دو عام شہری مارے گئے جبکہ16دیگر زخمی ہوئے۔راجوری میں ضلع انتظامیہ کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ جولائی کے مہینے گولی باری کے واقعات میں ضلع میں مجموعی طور35تعمیرات کو نقصان پہنچا جن میںدو درجن رہائشی مکانات کے علاوہ دیگرنجی اور سرکاری عمارات کے ساتھ ساتھ اسکولی عمارات بھی شامل ہیں، ان واقعات میں110مویشیوں کے ہلاک اور دجنوں کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ہے۔