سرینگر//تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے جموں خطے میں بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی کے ساتھ ساتھ بنکروں اور عارضی پناہ گاہوں کی تعمیر پر جاری کام کا جائیزہ لیا ۔ چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل ، کمشنر سیکرٹری آر اینڈ بی سنجیو ورما ، ڈیولپمنٹ کمشنر ورکس آر کے راجدھان ، چیف انجینئر آر اینڈ بی جموں سدھیر شاہ ، چیف انجینئر آر اینڈ بی کشمیر نثار احمد بٹ ، ایم ڈی جے کے پی سی سی وقار مصطفیٰ شونٹھو کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ حکومت ہند نے بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر رہایش پذیر لوگوں کی حفاظت کیلئے 415.73 کروڑ روپے کی لاگت سے 14460 انفرادی بنکر اور کمیونٹی بنکر تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے ۔ اس کے علاوہ سرحد کے ساتھ عارضی پناہ گاہیں بھی تعمیر کی جائیں گی تا کہ سرحد پار شیلنگ کے موقعہ پر لوگوں کو محفوظ رکھا جا سکے ۔ راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ لگنے والے ایل او سی کے ساتھ 7298 بنکر تعمیر کئے جا رہے ہیں اور جموں ، کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع کے بین الاقوامی سرحد پر زیر زمین بنکر تعمیر کئے جائیں گے ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ 8 افراد کی گنجائش والے 160 مربع فُٹ کے انفرادی بنکر اور 40 افراد کی گنجائش والے 800 مربع فُٹ کے کمیونٹی بنکر تعمیر کئے جائیں گے ۔ میٹنگ میں کشمیری مائیگرنٹوں کیلئے اضافی رہایشی سہولیات کو وجود میں لانے کے عمل کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔