نئی دہلی // بنک کھاتوں کیساتھ آدھار نمبر منسلک کرنے کے بارے میں ریزرو بینک آف انڈیا نے کو ہدایات نہیں دی ہیں۔حق اطلاعات قانون کے تحت فراہم کی گئی جانکاری میں ریزرو بینک نے اس بات کو صاف کیا ہے کہ انہوں نے بینک کھاتوں کیساتھ آدھار نمبر کو لازمی طور منسلک رکھنے کے بارے میں ابھی تک کوئی احکامات نہیں دیئے ہیں۔آر ٹی آئی میں ریزرو بینک سے پوچھا گیا تھا کہ اگر کوئی تحریری احکامات دیئے گئے ہیں تو اس کے بارے میں جانکاری دی جائے، جس کے جواب میں ریزرو بینک نے کہا ہے ’’ مرکزی سرکار نے یک جون کو ایک نوٹیفکیشن زیر نمبرGSR 538(E)جاری کی تھی جس میں صارفین سے اپنے بینک کھاتوں کیساتھ آدھار اور پین نمبرات منسلک رکھنے کو لازمی قرار دیا گیا ہے‘‘۔جواب میں ریزرو بینک نے مزید کہا ہے’’ لیکن ہم نے بینکوں کو اس بارے میں کوئی احکامات صادر نہیں کئے ہیں‘‘۔ریزرو بینک نے مزید کہا ہے’’ ہم نے حتیٰ کہ سپریم کورٹ میں اس حوالے سے کوئی پیٹیشن بھی نہیں دی ہے جس میں ایسا کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہو‘‘۔مرکزی سرکار نے135مرکزی سیکموں کیلئے آدھار رکھنا لازمی قرار دیا ہے جس میں مفت رسوئی گیس(ایل پی جی)، مٹی کا تیل۔ کھاد پر سبسڈی، راشن کی فراہمی اور منریگا شامل ہے۔تاہم سپرین کورٹ نے صرف ایسی چھ سیکموں کیلئے آدھار کو لازمی قرار دیا ہے جن سے عام لوگوں کو سبسڈی فراہم کی جاتی ہو۔