عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی // ملک بھر کے بینک ملازمین زیر التواء مطالبات کو لے کر ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کے لیے تیار ہیں۔ یونائیٹڈ فورم آف بینک یونینز (UFBU) کے بینر تلے مارچ 2025 میں دو روزہ ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ ہڑتال 24 اور 25 مارچ کو ہوگی جس کی وجہ سے 22 مارچ (چوتھا ہفتہ) اور 23 مارچ (اتوار) کی تعطیل سمیت بینک مسلسل چار دن بند رہ سکتے ہیں۔ اس کی وجہ سے عام لوگوں کو بینک سے جڑے کاموں میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔بینک ملازمین کی یہ ہڑتال 28 فروری سے شروع ہوگی، جب تمام ملازمین کالے بیج لگا کر کام کریں گے۔ اس کے بعد تین مارچ کو دہلی میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور وزیر خزانہ اور محکمہ مالیاتی خدمات کو میمورنڈم پیش کیا جائے گا۔ تحریک کو مزید تیز کرتے ہوئے سات مارچ کو شام پانچ بجکر 15 منٹ پر ملک گیر مظاہرے ہوں گے جب کہ 11 مارچ کو بھی احتجاج جاری رہے گا۔ 21 مارچ کو ایک بڑی ریلی نکالی جائے گی جو اس احتجاجی تحریک کا اہم حصہ ہوگی۔یونین نے کہا کہ اگر حکومت اور بینک انتظامیہ نے مطالبات پر توجہ نہیں دی تو 24 اور 25 مارچ کو ہڑتال ناگزیر ہو جائے گی، کیونکہ 22 مارچ کو چوتھا ہفتہ اور 23 مارچ کو اتوار ہے، ان دو دنوں سمیت کل چار دنوں کے لیے بینک بند رہیں گے۔ جس کی وجہ سے صارفین کو اپنا اہم کام مکمل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔