مشتاق الاسلام
پلوامہ// ترکہ وانگام شوپیان میں مالیاتی فراڈ کے ایک معاملے میں بڑی پیش رفت کے طور پرجموں و کشمیر بینک کے ایک منیجر کا مکان سیل کردیا گیا ہے۔منیجرمحمد ایوب ملک ولد محمد جمال ملک ساکن ایندر پلوامہ کے دو منزلہ مکان کو ضبط کیا گیا۔ پولیس نے خسرہ نمبر 468 پر واقع 32 لاکھ روپے مالیت کے اس مکان کو قبضے میں لے کر معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ یہ کارروائی پولیس تھانہ زینہ پورہ میں درج ایف آئی آر نمبر/2024 104 کے تحت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق، شوپیان پولیس کی خصوصی ٹیم نے لاکھوں روپے کی بینک فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف شکنجہ کسنا شروع کردیا ہے۔ مقامی بینک صارفین اور عوام نے پولیس کی اس کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ترکہ وانگام برانچ میں پہلے پیش آئے ایک اور سنگین فراڈ کیس میں بھی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے۔واضح رہے کہ مذکورہ بینک میں مرحوم محمد یوسف شاہ کے اکاونٹ سے، ان کے انتقال کے محض ایک دن بعد، تمام رقم غائب پائی گئی تھی۔لیکن پولیس نے تحقیقات کر کے اس فراڈ کیس میں ملوث افراد کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔