جموں//وزیر مملکت برائے جنگلات ، پشو و بھیڑ پالن ، ماہی پروری و امداد باہمی میر ظہور احمد نے سنٹرل کیٹل بریڈنگ، ریسرچ فارم اینڈ پولٹری فارم بیلی چرانا کا دورہ کر کے وہاں ان شعبوں کے تحت جاری کام کاج کا جائیزہ لیا انہوں نے ٹریننگ سنٹر کا بھی معائینہ کیا ۔ کیٹل فارم میں میر ظہور نے فارم کی انتظامیہ کو مویشیوں کی افزائش نسل کیلئے جدید ترین تیکنیکوں کو اختیار کرنے اور کسانوں کے فائدے کیلئے زیادہ دودھ دینے والی بھینسوں اور گائیوں کی نسل کو متعارف کرنے کیلئے کہا ۔ وزیر نے پولٹری فیڈ مل ، پولٹری فارم کا بھی جائیزہ لیا اور پولٹری پرندوں کے چارے کے معیار کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے موقعہ پر ہی ایک دن کے چوزوں کی تعداد میں اضافہ کر کے انہیں بیک یارڈ پولٹری سکیم کے تحت غریب کسانوں کو فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ ٹریننگ سنٹر کا معائینہ کرنے کے دوران وزیر نے مرکز کے اندر اور اس کے ارد گرد صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے پر زور دیا ۔ ٹریننگ سنٹر کی انتظامیہ نے وزیر کو مطلع کیا کہ فی الوقت سنٹر میں 132 نئے بھرتی کئے گئے ویٹر نری فارماسسٹس کام کر رہے ہیں جن کو ایک سال کی مدت تک تربیت فراہم کی جائے گی جس کے بعد انہیں ریاست کے مختلف حصوں میں خالی آسامیوں پر تعینات کیا جائے گا ۔ ٹریننیز کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر نے اُن پر زور دیا کہ وہ انہیں فراہم کی جا رہی تربیت سے بھر پور فائدہ اٹھا ئیں تا کہ وہ آگے چل کر کسانوں کی خدمت کر سکیں ۔ میر ظہور نے کہا کہ پشو اور بھیڑ پالن ریاستی معثیت کیلئے کافی اہمیت رکھتے ہیں اور حکومت اس کے فروغ کیلئے کوشاں ہے ۔ جس کیلئے متعدد سکیمیں بھی لاگو کی گئی ہیں ۔ میر ظہور نے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ڈیری اور پشو پالن بطور روز گار اختیار کرنے پر زور دیا ۔ وزیر نے پولٹری نیچرسٹ لیب کا بھی معائینہ کیا انہیں بتایا گیا کہ لیب میں متعدد ٹیسٹ کئے جاتے ہیں ۔ لیب کی انتظامیہ نے لیب اکیوپمنٹ کی عدم موجودگی کے سبب انہیں درپیش مسائل سے وزیر کو آگاہ کیا ۔ جنہوں نے اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ پیش کرنے کیلئے کہا ۔ اس سے قبل وزیر نے جموں صوبے میں مختلف پشو پالن سکیموں کے تحت درج حصولیابیوں کا جائیزہ لیا انہیں بتایا گیا کہ جموں صوبے میں دودھ کی فی فرد دستیابی 430 ملی لیٹر ہے جو کہ قومی اوسط کی 337 ملی لیٹر فی فرد یومیہ سے زیادہ ہے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ اب تک رواں مالی سال کے دوران 15.24 لاکھ پشو کا علاج و معالجہ کیا گیا ، 11615 بیک یارڈ پولٹری یونٹ قایم کئے گئے اور 1085 جانکاری کیمپ اور کسان کانفرنسیں صوبے میں منعقد کی گئیں ۔ اس کے علاوہ صوبے میں اکتوبر کے آخیر تک 14.46 کوئینٹل پولٹری گوشت فروخت کیا گیا اور سرکاری فارموں میں 2.62 لاکھ انڈے پیدا کئے گئے جبکہ نجی فارموں میں 5.85 لاکھ انڈے پیدا ہوئے ۔ محکمہ نے 1.35 لاکھ ایک روزہ چوزے پیدا کئے ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ امسال اکتوبر کے آخیر تک 17.11 لاکھ مویشی اور 86.93 لاکھ پولٹری پرندوں کا علاج و معالجہ کیا گیا ۔ ویٹر نری خدمات کی فراہمی کا جائیزہ لینے کے دوران وزیر کو بتایا گیا کہ محکمہ صوبے میں 117 ویٹر نری مراکز چلا رہا ہے ۔ وزیر نے متعلقہ حکام کو محکمہ میں گزٹیڈ اور نان گزٹیڈ خالی آسامیوں کو بھرتی ایجنسیوں کو بھیجنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے ڈیپارٹمنٹل پرموشن کمیٹی میٹنگوں کے انعقاد کی بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ دورانِ میٹنگ کانسی چیونسی ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت پولٹری ولیجز کیلئے رقومات مختص رکھنے پر بھی غور و خوض ہوا اور وزیر نے محکمہ کے حکام کو یقین دلایا کہ یہ معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔ ڈائریکٹر محکمہ پشو پالن جموں اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران دورے کے دوران وزیر کے ہمراہ تھے ۔