یواین آئی
لزبن// بیلجیم نے غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے، جن میں عمومی پابندیاں، اسلحے کی برآمد ات پر وسیع پابندی اور مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی غیر قانونی بستیوں میں تیار کردہ اشیاء اور خدمات کی درآمد پر پابندی شامل ہیں۔حکام کے بیان کے مطابق محدود وزارتی کونسل کی طرف سے منظور کردہ یہ معاہدہ، اسرائیل پر دباؤ بڑھانے اور فلسطین میں جاری انسانی المیے کو حل کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔اسرائیل کے دائیں بازو کے وزراء ، اتمار بن گویر اور بیزلیل سموٹریچ، کے ساتھ ساتھ حماس کی سیاسی اور عسکری قیادت کو بیلجیم میں ناپسندیدہ شخصیات قرار دیا جائے گا۔ ان کے نام شینگن انفارمیشن سسٹم (ایس آئی ایس) میں شامل کیے جائیں گے۔بیلجین حکام غیر قانونی بستیوں میں رہائش پذیر شہریوں کے لیے قونصلر خدمات کو محدود کریں گے اور وہاں رہنے والے اسرائیلیوں کو طویل مدتی ویزا (ٹائپ ڈی) دینے سے انکار کے طریقے تلاش کریں گے۔بیلجیم کے وفاقی پراسیکیوٹر کے دفتر کو بھی یہ ذمہ داری دی جائے گی کہ وہ ان بیلجیم شہریوں کے خلاف کارروائی کرے جو اسرائیل یا مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہوں۔حکومت نے اسرائیل کو اسلحے کی برآمد اور منتقلی پر موجودہ پابندی کو وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تمام فوجی سامان اور دوہری استعمال کی اشیاء شامل ہوں، اور یورپی یونین پر مکمل پابندی کے لیے دباؤ ڈالنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ایک شاہی فرمان کے ذریعے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں میں تیار کردہ اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کی جائے گی، جو آئرلینڈ اور سلووینیا کے پہلے سے کیے گئے اقدامات کی عکاسی کرتی ہے۔حکومت نے کہا ہے کہ وہ جاری قتل و غارت کے دوران اسرائیلی فوجی پروازوں کی درخواستوں کو مسترد کرے گی اور اسرائیلی دفاعی سامان پر انحصار کم کرے گی۔بیلجیم نے دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا اور فرانس اور سعودی عرب کے ساتھ نیویارک اعلامیہ میں شامل ہونے کے منصوبے کا اعلان کیا، جس سے ریاست فلسطین کی تسلیم شدگی کا اشارہ ملتا ہے۔حکومت نے کہا کہ باضابطہ تسلیم شدگی اس وقت ہوگی جب تمام یرغمالیوں کو رہا کر دیا جائے گا اور حماس جیسے گروہوں کو فلسطینی حکومت سے خارج کر دیا جائے گا۔یورپی سطح پر، بیلجیم اسرائیل کے ساتھ تجارتی، تحقیقی اور ہوابازی کے معاہدوں کو معطل کرنے کے لیے دباؤ ڈالے گا اور یورپی یونین کے تکنیکی پروگراموں کے ذریعے تعاون کو روکنے کی کوشش کرے گا۔برسلز یورپی یونین پر زور دے رہا ہے کہ وہ بین الاقوامی عدالت انصاف کی جولائی 2024 میں دی گئی رائے کے مطابق بستیوں کی مصنوعات پر پابندی کی حمایت کرے۔بیان میں کہا گیا کہ “وفاقی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی پر زور دیتی ہے کہ تنازع کے تمام فریق بین الاقوامی قانون کا احترام کریں،” اور کسی بھی ثابت شدہ خلاف ورزی کی مذمت کی۔بیلجیم فرانس، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے نقش قدم پر چل رہا ہے، جنہوں نے پہلے کہا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں فلسطین کو تسلیم کریں گے۔