بلال فرقانی
سرینگر//جموں و کشمیر میں کئی اہم سرکاری ویب سائٹس اور آن لائن سروسز کئی دنوں سے بند پڑی ہیں، جس کے باعث عوامی خدمات اور سرکاری کام کاج بْری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ جموں و کشمیر لینڈ ریکارڈ انفارمیشن سسٹم اور اس کا معاون پلیٹ فارم ریونیو پلس سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جو زمین سے متعلق ریکارڈ، ملکیتی اسناد اور انتقال کی جانچ و توثیق کیلئے استعمال کیے جاتے ہیں۔صرف ریونیو نظام ہی نہیں، بلکہ کئی دیگر سرکاری محکموں کا آن لائن نظام بھی بڑی حد تک متاثر ہوچکا ہے۔ محکمہ جنگلات ، ڈائریکٹوریٹ آف اکنامکس اینڈ اسٹیٹسٹکس،محکمہ بجلی ،مکانات و شہری ترقی،دیہی ترقی ،سرینگر میونسپل کارپوریشن کی وئب سائٹس بند پڑی ہیں۔ اس سے شہری سہولیات، شماریاتی ڈیٹا ،بلدیاتی سہولیات،بجلی بلوں کی ادائیگی اور دیہی ترقی سکیموںتک رسائی ممکن نہیں بن رہی ہے۔ضلع بارہمولہ، بانڈی پورہ، پلوامہ، کپواڑہ، اننت ناگ، راجوری اور پونچھ سمیت شہری علاقوں جیسے سرینگر اور جموں کے لوگ دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔ کئی جگہوں پر ملازمین ہاتھ سے درخواستیں وصول کر رہے ہیں، جس سے کاموں میں مزید تاخیر ہو رہی ہے۔محکمہ مال و ریونیو ، محکمہ جنگلات اور محکمہ بجلی کے علاوہ محکمہ پبلک ہیلتھ( آبپاشی) اور محکمہ جنگلات کی ویب سائٹ بھی نہیں کھل رہی ہیں۔بجلی صارفین کا کہناہے کہ گزشتہ دو ہفتوںسے وہ آن لائن طریقے پر بجلی بلوں کی ادائیگی سے قاصر ہیں۔محکمہ مال کی طرف سے ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے’’ لینڈ ریکارڈ انفارمیشن سسٹم اور ریونیو پلس نظام کی عارضی بندش تکنیکی اپگریڈیشن اور مرمت کے باعث بندہے۔ نیشنل انفارمیٹکس سینٹر اور دیگر تکنیکی شراکت داروں کے ساتھ ٹیمیں نظام کی جلد بحالی پر کام کر رہی ہیں، عوام سے درخواست ہے کہ وہ تعاون کریں‘‘۔تاہم، دیگر متاثرہ محکموں جیسے جنگلات، بجلی ،سرینگر میونسپل کارپوریشن، دیہی ترقی،شماریات اور شہری ترقیات کی جانب سے تاحال کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے، جس سے عوام اور ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔