سرینگر// نیشنل کانفرنس لیڈر اور عمر عبداللہ کے سیاسی صلاحکار تنویر صادق نے کہا ہے کہ بیروہ کے منتخب نمائندہ کی حیثیت سے عمر عبداللہ کی یہی کوشش رہتی ہے کہ اس حلقہ انتخاب کی منصوبہ بند اور مساوی بنیادوں پر تعمیر و ترقی ہو۔تنویر صادق اسکندرپورہ بیروہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کے اس مشن کو حلقہ انتخاب بیروہ کے کونے کونے میں عملی طور پر آگے لے جایا جارہاہے۔ عمر عبداللہ نے ماگام ،بیروہ ،بڈگام ، آری پانتھن ، اسکندر پورہ اور کھاگ روڑ کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا جس کو پورا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 2سال کے دوران کھاگ، پوشکر، بیروہ، گنڈی پورہ، ماگام اور نارہ بل کیلئے 7ایمبولنس گاڑیاں فراہم کی گئیں اور آج سب ہیلتھ سنٹر اسکندر پورہ کیلئے 8ویں ایمبولنس گاڑی وقف کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ دھیرے دھیرے لوگوں سے کئے گئے وعدے اور مطالبات پورا کررہے ہیں اور اس کیلئے انہیں مسلسل اشتراک ضروری ہے۔ موجودہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے تنویر صادق نے کہا کہ پی ڈی پی نے ریاست کو دہائیوں پیچھے دھکیل دیا ۔اننہوں نے لوگوں خصوصاً نوجوانوں میں پائے جارہے احساس تنہائی اور غم وغصے کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ایک ایف آئی آر درج کرنے کیلئے دلی سے اجازت لینی پڑتی ہے۔