سرینگر//حریت (گ ) چیرمین سید علی شاہ گیلانی ،حریت (ع) چیرمین میر واعظ عمر فاروق ،لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک اور دیگرمزاحمتی جماعتوں نے بیروہ میں فوج کے ہاتھوں شہری ہلاکت کو کشمیریوں کی نسل کشی قرار دیا ۔حریت (گ)چیرمین سید علی گیلانی نے نوجوان کی ہلاکت کو ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی ایک منصوبہ بند طریقے پر نسل کُشی کی جارہی ہے اور اس کے لیے سرکاری فورسز کو فری لائسنس فراہم کیا گیا ہے۔ گیلانی نے کہا کہ جب سے بیروہ میں ایک عام شہری کو گاڑی سے باندھنے والے میجر کو توصیفی سند سے نوازا گیا ہے، تب سے درجنوں سول ہلاکتیں فوج کے ہاتھوں عمل میں آئی ہیں۔ کسی شہری کے مارے جانے پر ملوث اہلکاروں سے کوئی باز پُرس کی جاتی ہے اور نہ اس سلسلے میں کوئی کیس درج کیا جاتا ہے۔ حریت (ع)کے محبوس چیرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے جواں سال تنویر احمد وانی کو پر نم آنکھوں سے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو چن چن کر مارا جا رہا ہے اور بدقسمتی سے دنیا تماشائی کا کردارادا کر رہی ہے۔میرواعظ عمرفاروق نے تنویر کے والدین اور لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معصوم شہداء جس بلند نصب العین کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں اس کے حصول کیلئے قیادت اور عوام کی مشترکہ جدوجہد جاری رہے گی۔ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمدیاسین ملک نے فورسز کے ہاتھوں نہتے نوجوان کی ہلاکت پر دلی رنج و غم کا اطہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کا اپنا دیرینہ پروگرام مسلسل جاری رکھے ہوئے۔ انہوں نے تازہ شہری ہلاکت کو سرکاری دہشت گردی کی ایک اور کڑی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت تمام ظلم و ستم کے حربے آزماکر بھی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کر سکتا۔ فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبداللہ طاری نے اپنے بیان میں کہا کہ یہاں فوج بے لگام ہو گئی ہے اور فوجی ایک نہ دوسرے بہانے سے ریاستی عوام کو تہہ تیغ پر تلے ہوئے ہیں ۔سالویشن مومنٹ کے محبوس چیئرمین ظفراکبربٹ،انجمن شرعی شیعان کے صدرآغاسیدحسن ، ،پی پی پی چیئرمین انجینئرہلال وار،ڈی پی ایم کے چیئرمین ایڈوکیٹ محمدشفیع ریشی نے بھی اپنے الگ الگ بیانوں میں نوجوان کی ہلاکت کو کشمیریوں کی نسل کشی قرار دیا ہے ۔جے کے ایل ایف ( آر ) کے چیرمین بٹہ کراٹے نے کہا کہ ہم روز اپنے جوانوں کی لاشوں کو اٹھا رہے ہیں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں خاموشی کا رویہ اختیار کرکے ہمارے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں ۔ پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان نے کہا کہ فوجی اہلکاروں نے جس طرح ایک نہتے شہری کو بلا کسی جواز کے جاں بحق کر دیا وہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کی نہتے کشمیری عوام کے تئیں روارکھی جا رہی جارحانہ پالیسی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا عکاس ہے۔ اسلامک پولٹکل پارٹی کے چیرمین محمد یوسف نقاش نے فوجیوں کو دئے گئے بے پناہ اختیارات اور ASPAکے بلاوجہ استعمال کو بلا جواز قتل اور ان کے لئے ایک لائسنس قرار دیتے ہوئے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ ریاستی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ حقوق انسانی کی تنظیمیں بھی خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔پیروان ولایت نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں چنگیزیت کی روایت تازہ کرکے کشمیری قوم کی نسل کشی کا بیڑا اٹھا رکھا ہے اور مختلف حیلوں اور بہانوں کے ذریعے آئے روز کشمیری جوانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا کر ان کو ابدی نیند سلا رہے ہیں ۔محاذآزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر اور نائب صدر قطب عالم نے کہاکہ جس طرح بھارتی حکومت نے فوج کوکشمیر میں نسل کُشی کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ، خطرہ ہے کہ کشمیری عوام بمصداق تنگ آمد بہ جنگ آمد کوئی بھی انتہائی قدم اُٹھانے پر مجبور ہوجاینگے ۔ کاروانِ اسلامی ،حقانی میموریل ٹرسٹ ،ماس مومنٹ ،ینگ مینز لیگ ،امت اسلامی کے چیرمین و میرواعظ جنوبی کشمیر قاضی احمد یاسرنے بھی اپنے الگ الگ بیانوں میں فوج کے ہاتھوں نہتے نوجوان کی ہلاکت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔