سوپور // صحت وطبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے کہا ہے کہ ملک سے باہر کام کرنے والے ریاست کے 36ڈاکٹروں کو معطل کر دیا گیا ہے ۔بارہمولہ میں ضلع ہسپتال کے دورے کے دوران ریاست کے وزیر صحت بالی بھگت نے کہا ہے 36ڈاکٹر جو ملک سے باہرہیں ،نے حکومت کو باہر کام پر جانے کے دوران کوئی بھی اطلاع نہیں دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے ڈاکٹروں کو پہلے حکومت کو اطلاع دینی تھی اور پھر اُس کے بعد باہر کام کیلئے جانا تھا ۔ بدھ کو ضلع ہسپتال بارہمولہ میں کام کاج کا جائزہ لینے کے دوران بالی بھگت نے مریضوں سے بھی ملاقات کی اور ہسپتال کے مختلف حصوں کی جانچ پرتال بھی کی ۔ہسپتال میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بالی بھگت نے کہا کہ ہسپتال میں طبی عملے کی کمی کو بھی بہت جلد پورا کیا جائے گا ۔وزیر نے اس دوران لوگوں کو اعلیٰ درجے کی طبی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ وادی کے دوردراز علاقوں میں لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔