سرینگر// نیشنل کانفرنس نے ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں کشمیری طلباء و تاجر پیشہ افرادکو ہراساں کرنے اورڈرانے دھمکانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی سے اپیل کی کہ وہ کشمیری طلباء و طالبات کو فرقہ پرست طاقتوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔موصولہ بیان کے مطابق پارٹی کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے کہا کہ جب سے ملک میں موجودہ حکومت بر سر اقتدار آئی تب سے ایک طرف ملک فرقہ پرستی کی لپیٹ میں آگیا اور کشمیر کے ان تاجروں اور طلاب کوستایا جارہا ہے جو ہندوستان کی جمہوریت کو زیب نہیں دیتا ہے جبکہ آئین ہند میں ہر ایک شہری کی مذہبی آزادی کے ساتھ ساتھ ان کے مال وجان کا تحفظ اندرا ج ہے لیکن بدقسمتی سے آج ہندوستان کے مرتب کر دہ آئین اور جمہوری اصولوں کی دھجیاں اڑھائی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی متعصبانہ سوچ رکھنے والے انتہا ء پسندوں کے نشانے پر کشمیری طلبہ بھی آچکا ہے اور ماضی میں بھی ایسے واقعات رونماء ہوئے جن میں نہ صرف کشمیر سے باہر کشمیر کے تاجر اور کشمیری طلباء کو ڈرایا دھمکایا گیا بلکہ ان کی شدید مارپیٹ کر کے کالج چھوڑنے پر مجبور کیا گیا ۔