عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// غیر متوقع موسم کی وجہ سے کشمیر میں معیاری سیب کی کم پیداوار کے باوجود، اس سال ملک بھر میں کشمیری سیب کی مارکیٹ میں نمایاں مانگ رہی ہے۔ کشمیری سیبوں کے بہتر مارکیٹ ریٹ کے نتیجے میں کشمیر میں کولڈ اسٹوریج کی سہولیات اس وقت پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔مارکیٹ میں مزید اضافے کی توقع کرتے ہوئے، کسانوں نے بڑی مقدار میں سیب کو کولڈ اسٹوریج کی سہولیات میں محفوظ کر لیا ہے۔پارمپورہ فروٹ منڈی کے صدر بشیر احمد بشیر نے میڈیا کوبتایا کہ کشمیر میں تمام کولڈ سٹوریج اس وقت پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ درجہ اول کے سیب اس سال بہتر قیمت وصول کئے ۔ نتیجتاً، کسانوں کی اکثریت نے اپنے سیب کو کولڈ سٹوریج میں محفوظ کر لیا ہے، اور اگلے سال اپریل سے جون کے مہینوں میں اس کے زیادہ نرخوں کی توقع رکھتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آنے والے مہینوں میں کشمیر سے سیب کی ترسیل کی مقدار مستحکم رہنے کی امید ہے۔ ایسوسی ایشن صدرنے کہاکہ کولڈ اسٹوریج ان کسانوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئے ہیں جو آف سیزن کے دوران منافع بخش نرخوں پر اپنے سیب فروخت کرتے ہیں۔بشیر احمد بشیرنے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ سیب کو کولڈ چین میں ذخیرہ کرنے سے ایرانی سیب کی آمد سے کسانوں کو ہونے والے نقصانات کو روکنے میں مدد ملے گی۔یہ ایک اور وجہ ہو سکتی ہے کہ کسان اپنے سیب کو بڑی مقدار میں کولڈ اسٹوریج میں محفوظ کر رہے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ اگلے سال آف سیزن کے دوران صرف کشمیری سیب ہی مارکیٹ میں آئیں گے۔ایک کولڈ سٹوریج کے مالک نے بتایا کہ کشمیر میں کولڈ سٹوریج کی اکثریت نومبر کے شروع میں، دسمبر کے معمول کے مہینے سے پہلے پوری صلاحیت پر پہنچ گئی۔عام طور پر، کولڈ اسٹوریج دسمبر میں پوری صلاحیت تک پہنچ جاتا ہے۔ تاہم، اس سال زیادہ تر کسانوں نے اپنی فصلوں کو کولڈ سٹوریج میں ذخیرہ کرنے کا انتخاب کیا۔بارہمولہ کے ایک کاشتکار نے کہا کہ کولڈ اسٹوریج ان کسانوں کے لیے امید کی کرن بن گیا ہے جو اپنی فصلوں پر بہتر منافع چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے پچھلے کچھ سالوں میں اپریل سے جولائی کے مہینوں میں کشمیری سیبوں کی مسلسل مانگ دیکھی ہے۔ لہذا، کولڈ سٹوریج کاشتکاروں کے لیے آف سیزن کے دوران سیب کے بہتر نرخ حاصل کرنے کے لیے ایک قابل عمل آپشن بن گیا ہے۔