بھدرواہ //راشٹریہ رائفلز نے بھدرواہ میں کرشی وگیان کیندر بھدرواہ کے اشتراک سے بیروزگار نوجوانوں کو منافع بخش روز گار فراہم کرنے کے لئے مچھلیاں اور شہد کی مکھیاں پالنے کیلئے 15 ۔ روزہ اینٹرپیرنیور س تربیتی پروگرام منعقدکیا۔پروگرام میں راشٹریہ رائفلز کے علاوہ سول سوسائٹی کے ممبران ،ٹرینی نوجوانوں، کے وی کے کے سائنسدانوںاور ریجنل ہارٹیکلچر ریسرچ سب اسٹیشن کے اہلکاروں نے شرکت کی۔پروگرام میں شرکت کرنے والوں میںاسناد تقسیم کی گئی جبکہ تربیت کے دوران مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو4 خوبصورت زیبائشی ایکویریم اور شہد کی مکھیوں کے5 چھتے دیکر عزت افزائی کی گئی۔اس تربیتی پروگرام میں 9لڑکیوں سمیت24 بیروز گاروں کو اپنا روز گار کمانے کے لئے تربیت فراہم کی گئی۔جی ڈی سی بھدرواہ کے وائس پرنسپل پروفیسر جاوید اقبال موقعہ پر مہمان خصوصی تھے۔انہوںنے اپنے خطاب میں فوج کی جانب سے ایسا پروگرام منعقد کرنے کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوانوں کو اپنا روز گار آپ کمانے کی جانب راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ جبکہ21 ۔آر آر کے کمانڈنٹ نے تقریب کی صدارت کی۔اُنہوںنے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا مقصد بیروز گاروںکو اپنا روزگار کمانے کے لئے ایک نیا موقعہ فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اس طرح سے کم سرمایہ کاری کرکے یا کچھ بھی سرمایہ نہ لگا کر اپنا روز گار کما سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کا بھاری تعدادمیں اس تربیت میں جوش و خروش سے شرکت کرنا خوش آئیند بات ہے،اتنا ہی نہیں ان لڑکیوں نے اپنا بزنس یونٹ لگانے کے ساتھ ہی تربیت کو عملی شکل دینے میں بھی دلچسپی دکھائی ہے۔ کے وی کے بھدرواہ کے سائنسدان فشریز ڈاکٹر گھنیشام جھا نے شکریہ کا ووٹ پیش کیا۔اس موقعہ پر موجود لوگوں میں انچارج کے وی کے بھدرواہ اونیت کور ،ڈاکٹر امت چاڑک ،ڈاکٹر نریندر پال اور ڈاکٹر نیرج کوتوال شامل تھے۔