عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
بیروت// لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیل کے فضائی حملے میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر ابراہیم عاقل سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ا سرائیل نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی۔برطانوی خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں واقع عمارت پر اسرائیل طیارے نے بمباری کی۔ لبنان کے سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی کہ اس حملے میں حزب اللہ کے آپریشنز کمانڈرابراہیم عاقل ہلاک ہوگئے ہیں، اور ابراہیم عاقل کے ساتھ حزب اللہ کے اہم ترین ’ رضوان یونٹ ‘ کے سات مزید اراکین بھی ہلاک ہوئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک عمارت میں رضوان یونٹ کا اجلاس ہورہا تھا جس پر اسرائیلی طیارے نے بمباری کردی۔ فضائی حملے میں ایک اور عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ لبنانی وزارت صحت نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ بمباری میں 8 افرادہلاک اور 59 زخمی ہوئے ہیں۔لبنانی شہری کے دفاع کیا دارے کے مطابق عمارتوں کے ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش کی جارہی ہے۔دوسری طرف اسرائیلی فوج جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے بیروت میں ٹارگٹڈ فضائی حملہ کیا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔دو ماہ سے بھی قلیل عرصے میں یہ دوسرا موقع ہے جب اسرائیل نے حزب اللہ کے اہم کمانڈر کوہلاک کیا ہے۔ قبل ازیں جولائی میں فواد شکر کو فضائی حملے میںہلاک کیا تھا جن کا شمار بھی حزب اللہ کے اہم ترین کمانڈروں میں ہوتا تھا۔ابراہیم عاقل کی ہلاکت حزب اللہ کے لیے چند روز کے دوران ایک اور بڑا نقصان ہے۔