جموں//چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جموںکی طرف سے برمی اور بنگلہ دیشی مہاجرین کے خلاف دیئے گئے بیان کو انتہائی درجے کی اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے سی پی آئی ایم ممبراسمبلی محمدیوسف تاریگامی نے حکومت پر زور دیاکہ وہ اس صورتحال سے قانون کے مطابق نمٹے ۔ تاریگامی نے کہاکہ مہاجرین کا مسئلہ انسانی مسئلہ ہوتاہے اورآج کی مہذب دنیا میں ہر ایک شخص کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کی حفاظت کرے لیکن کچھ لوگوں کی طرف سے اس طرح کا بیان حد درجہ افسوسناک بلکہ مجرمانہ ہے اوراس سے ریاست کا شیرازہ ہی بکھر جائے گا اس لئے ذی ہوش انسانوں کو ہوش کے ناخن لیناچاہئے ،اس قسم کی بیان بازی سے گریز کرناچاہئے اور وہ بھی تب جب یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے ‘‘۔