عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سری نگر کے بہوری کدل علاقے میں جمعے کے روز آتشزدگی کی ایک واردات میں تین دکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران دو فائر مین زخمی ہوئے۔بعد دوپہر پائین شہر کے بہوری کدل علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب شاپنگ کمپلیکس سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً تین دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں تین دکانوں میں موجود لاکھوں روپیہ مالیت کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا۔حکام نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران دو اہلکار جن کی شناخت مدثر احمد اور رابندر سنگھ کے بطور ہوئی ہے زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔