جموں//ملک کے دوسرے حصوں کی طرح جموں خطہ میں بھی آج یعنی پیر کے روز رکھشا بندھن کا تہوار جوش و خروش اور روایتی دھوم دھام سے منایا جا رہا ہے ۔ اس روز بہنیں اپنے بھائیوں کی کلائیوں پر راکھی باندھ کر ان کی درازی عمر کی دعا کرتی ہیں جس کے جواب میں بھائی بہنوں کے تحفظ کا عہد کرتے ہیں۔ جموں خطہ کے متعدد اسکولوں میں رکھشا بندھن کا تہوار منایا گیا جب کہ کئی ایک مقامات پر لڑکیوں نے فوجی اہلکاروں کو راکھی باندھی جو اپنے گھروں سے سینکڑوں میل دور سرحدوں کی حفاظت کے سلسلہ میں مامور ہیں۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، گورنر این این ووہرہ اور نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے لوگوں کو رکھشا بندھن کی مبارک باد دی ہے۔ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست کے لوگوں کو رکھشا بندھن کے موقعہ پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار ریاست کے لوگوں کے لئے امن، ترقی خوشحالی، بھائی چارہ کی سوغات لے کر آیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ تہوار سالانہ امرناتھ یاترا کے اختتام کی خبر بھی لاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار ریاست کے لوگوں میں بھائی چارے کے رشتے کو مضبوط بنانے میں کار آمد ثابت ہوگا۔گورنر این این ووہر ا نے ریاستی عوام کو رکھشا بندھن کے موقعہ پر مبارک باد دی ہے اور اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار ریاست میں امن، بھائی چارہ ، یگانگت ، ترقی و خوشحالی لائے گا۔مبارک بادی کے ایک پیغام میں گورنر نے کہا کہ رکھشا بندھن ہندوستان میں ایک خاص تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے، جو بھائی بہنوں کے مقدس رشتے کو درشاتا ہے ۔ریاست جموں وکشمیر پہلے اس تہوار کی خاص اہمیت اس لئے ہے کیونکہ اس دن امرناتھ یاترا انجام پذیر ہوتی ہے اور شردھالو پوتر گپھا میں شراون پور نیما کے موقعہ پر پوجا کرتے ہیں۔گورنر نے ریاست کے لوگوں کی بہبودی کے لئے دعا کی۔نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے رکھشا بندھن کے موقعہ پر ریاست کے لوگوں کو مبارک باد دی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ تہوار بھائی بہنوں کے مقدس رشتے کو مزید تقویت بخشتا ہے اور لوگوں میں محبت ، اخوت اور الفت کا جذبہ پیدا کرتا ہے ۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار ریاست میں امن، خوشحالی اوربھائی چارہ کے رشتے کو مضبوط بنائے گا۔نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگزار صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ ہر مذہب کے تہوار فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور انسانیت ومساوات کا درس دیتے ہیں ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرغلام احمد میر نے کہا ہے کہ ےہ دن ہم سب کو انسان دوستی اور آپسی بھائی چارے کا درس دےتا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ایس پی ویدنے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار خوشی اور بھائی چارے کی نوید لیکر آئے۔