سرینگر/ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک نے سوموار کو کہا کہ فاریسٹ محکمہ کے انچارجوں نے غلط طریقوں سے ''کروڑوں بنائے ہیں'' لیکن ان کی انتظامیہ ایک بھی راشی کو معاف نہیں کرے گی۔
انہوں نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا'' کسی کیخلاف کوئی انتقام گیری نہیں ہے۔جس طریقے سے انسداد رشوت بیورو کام کررہا ہے، ہم بڑی مچھلیوں کو نہیں چھوڑیں گے۔کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا چاہے اُس کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو، کیونکہ قانون کے آگے کوئی بڑا نہیں ہے''۔
گورنر ملک نے مزید کہا کہ کئی لوگوں نے، جنہوں نے فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ میں کام کیا ہے، جنگلات کو تباہ کرکے کروڑوں کی رقم جمع کررکھی ہے۔
انہوں نے کہا''دلی کے وسنت وہار اور مہارانی باغ میں اُن لوگوں کے بنگلے دیکھئے جنہوں نے فاریسٹ محکمہ میں کام کیا ہے۔میں ذاتی طور کئی ایسے گھرانوںکو جانتا ہوں جنہوں نے فاریسٹ محکمہ کے انچارج رہتے ہوئے کروڑوں کی جائدادیں بنائی ہیں۔انہوں نے جنگلات کو تباہ کیا ہے۔''
گورنر ملک نے کہا کہ کشمیر میں ایسی بھی جگہیں ہیں جہاں درختوں کی وجہ سے آلودگی زیرو سطح پرہے۔