سرینگر//محکمہ مال کو انتظامیہ کااصل سرچشمہ قرار دیتے ہوئے مال کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ریونیو افسران کو ہدایت دی کہ وہ سرکار کی طرف سے چلائے جارہے ترقیاتی پروگراموں کے حصول کے لئے آپسی اشتراک کو قائم کریں۔ ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے صوبائی سطح کی ریونیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں ریونیو کے وزیر مملکت سنیل کمار شرما، فائنانشل کمشنر ریونیو لوکیش جھا، ڈویثرنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، سیٹلمنٹ کمشنر شاہد عنائت اللہ، کمشنر سیکریٹری ریونیو محمد اشرف میر،کئی ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ ویری نے کہا کہ محکمہ مال کے افسر مختلف محکموں کی کارکردگی اور عام آدمی کو روز گار فراہم کرنے والی کئی سکیموں کے عمل درآمد میں بھی اپنا اہم رول ادا کرتا ہے۔ وزیر نے میٹنگ میں بتایا کہ ہر ضلع کے لئے پہلی بار ڈیزاسٹر مِٹی گیشن فنڈ قائم کیا گیا ہے اورکسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹنے کے لئے ہر ضلع ترقیاتی کمشنر کی تحویل میں ایک کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ وزیر مال نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ایمرجنسی آپریشن مراکز قائم کریں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ہر تحصیل ہیڈ کوارٹر پر لینڈ ریکارڈ منیجمنٹ نظام قائم کیا جائے گا۔