بارہمولہ//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے حکومت کی طرف سے پی ڈی ڈی اور مکانات و شہری ترقیات سیکٹروں میں ہاتھ میں لی گئی فلاحی سکیموں کی کامیاب عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے افسروں اور عوامی کے درمیان نچلی سطح پر باہمی تامل میل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ لوگوں کو ان سیکٹروں میں معیاری سہولیات دستیاب ہو سکیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بارہمولہ میں پی ڈی ڈی اور مکانات و شہری ترقیات محکموں کے کام کاج کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقد ہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایم ایل اے بارہمولہ جاوید حسن بیگ، کمشنر سیکرٹری پی ڈی ڈی، چیف انجینئر پی ڈی ڈی ، ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ، ڈائریکٹر ہاوسنگ اینڈ اربن لوکل باڈیز کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ بجلی کی سپلائی میں معقولیت لانے اور بجلی چوری پر قابو پانے کے لئے موثر اقدامات کریں تاکہ محکمہ کو نقصانات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے نائب وزیر اعلیٰ کو ضلع میں موجود راشن کارڈوں کی تعداد کے بارے میں جانکاری دی ۔نائب وزیرا علیٰ نے بجلی کنکشنوں کو راشن کارڈوں سے منسلک کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ غیر قانونی بجلی کنکشنوں کی نشاندہی کرکے انہیں خارج کیا جاسکے ۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے محکمہ کی طرف سے عملائے جارہے ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ملک میں ہر ایک گھر میں بجلی کی سہولیات پہنچانے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے اعادے کو دہراتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وعدے کو پورا کرنے کے لئے تمام متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ جامع کوششوں کی بدولت ریاست ترقی اور اقتصادی خوشحالی کی ایک نئی ڈگر پر گامزن ہوگی اور لوگوں کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری بھی ممکن بھی ہوسکے گی۔اس موقعہ پر ایم ایل اے بارہمولہ نے بارہمولہ کو امرت کے دائرے میں لانے کی وکالت کی۔