یو این آئی
نئی دہلی//بہار میں ووٹر لسٹ خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر)کے عمل کو واپس لینے کا مطالبہ کرنے والی اپوزیشن پارٹیوں کے ہنگامے کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی پیر کو دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔کارروائی ملتوی کیے جانے کے بعد جیسے ہی اسپیکر جگدمبیکا پال نے 2 بجے ایوان کی کارروائی شروع کی تو اپوزیشن ارکان نعرے لگاتے ہوئے ایوان کے بیچ میں آگئے، ارکان ایس آئی آر واپس لینے کے نعرے لگاتے رہے۔ شور شرابے کے درمیان اسپیکر نے ضروری کاغذات میز پر رکھے اور اراکین کو اپنی نشستوں پر جانے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں اور کھلاڑیوں سے متعلق اہم بلوں پر ایوان میں بحث ہونی ہے، لیکن ہنگامہ کھڑا کرنا مناسب نہیں۔پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ آج دل بہت اداس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی (بی او سی) میں تمام پارٹیاں مل کر نیشنل اسپورٹس ایڈمنسٹریشن بل، 2025 اور نیشنل اینٹی ڈوپنگ(ترمیمی)بل، 2025پر بحث کرنے کے لیے اتفاق رائے پر پہنچ گئی ہیں، اس کے باوجود یہاں ہنگامہ برپا ہے، یہ رویہ نوجوانوں کے خلاف ہے۔مرکزی وزیر کھیل منسکھ منڈاویہ نے بھی اراکین پر زور دیا اور کہا کہ ایک اہم بل پر ایوان میں بحث ہونی ہے، اس لیے سب کو تعاون کرنا چاہیے اور اسے پاس کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئندہ اولمپکس کے لیے ایک اہم بل ہے۔چیئرمین پال نے کہا کہ آپ لوگ یہاں ملک کے عوام کے لیے منتخب ہوئے ہیں، لیکن اس اجلاس میں اب تک ایک بھی بل پاس نہیں ہوسکا ہے۔ ملک کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح ایوان میں خلل پڑ رہا ہے۔چیئرمین نے کہا کہ آر سودھا نے اسپیکر اوم برلا کو اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے آگاہ کیا ہے۔ اسپیکر نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے دہلی پولیس سے فوری کارروائی کرنے کو کہا ہے۔اس سے پہلے جیسے ہی اسپیکر اوم برلا نے 11 بجے وقفہ سوالات شروع کیا، اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان شور مچاتے ہوئے ایوان کے بیچ میں آگئے، کچھ ارکان نے تختیاں اٹھا رکھی تھیں، جن پر ایس آئی آر کے خلاف نعرے لکھے تھے۔شور شرابے کے درمیان برلا نے سوال پوچھنے کے لیے ایک رکن کا نام پکارا اور مرکزی وزیر محنت و روزگار نے بھی اس کا جواب دیا۔ منڈاویہ نے کہا کہ مودی حکومت روزگار کے میدان میں کافی کام کر رہی ہے۔ زراعت اور خدمات کے شعبے میں روزگار کے مواقع بہت بڑھ گئے ہیں۔ اس وقت بے روزگاری کی شرح 3.2 فیصد ہے ،جو کہ بہت سے ترقی یافتہ ممالک کے برابر ہے، یہ شرح کچھ ترقی یافتہ ممالک سے بھی کم ہے۔اس دوران ارکان ہنگامہ کرتے رہے ۔برلا نے ہنگامہ کرنے والے ممبران سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے مقامات پر جائیں اور کارروائی کو آگے بڑھنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اراکین کو مفاد عامہ کے مسائل اٹھانے اور حکومت سے سوالات کرنے کے لیے منتخب کیا ہے، عوام کو ممبران سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ اس طرح منصوبہ بند طریقے سے ہنگامہ کرکے ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنا، جمہوریت کے لیے درست نہیں۔ ایوان کے وقار کو برقرار رکھنا چاہئے۔ برلا نے کہا کہ وہ ایک بار پھر اراکین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے اپنے مقامات پر جائیں اور ایوان کی کارروائی کو چلنے دیں۔ برلا کی اپیل کا اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان پر کوئی اثر نہیں ہوا اور وہ ہنگامہ کرتے رہے، جس پر سپیکر نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔