یواین آئی
موتیہاری// وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ بہار میں ترقی کے لیے وسائل اور صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے ۔جمعہ کو موتیہاری میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ آج بہار کے پاس ترقی کے لئے کافی وسائل اور صلاحیت ہے اور مرکزی حکومت کی طرف سے بھی مسلسل تعاون کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت کی کوششوں سے مکھانا کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے جس سے کسانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بہار میں مکھانا کی کاشت کرنے والے کسانوں کو ایک بڑا بازار فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کے لیے این ڈی اے حکومت نے مکھانا کی مناسب ترقی اور اس کی کاشت کرنے والے کسانوں کے لیے ایک مکھانا بورڈ بھی تشکیل دیا ہے۔بہار کی دیگر مصنوعات کے بارے میں بات کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کیلا، لیچی، مرچا چاول،کترنی چاول، زردالو آم، مگہی پان وغیرہ بہار کے کسانوں اور نوجوانوں کو دنیا بھر کے بازاروں سے جوڑیں گے۔ کسانوں کی پیداوار اور ان کی آمدنی میں اضافہ کرنے کی اپنی ترجیح کو دہراتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ پی ایم۔کسان سمان ندھی یوجنا کے تحت، کسانوں کو اب تک تقریباً ساڑھے تین لاکھ کروڑ روپے دیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں صرف موتیہاری میں ہی پانچ لاکھ سے زیادہ کسانوں کو ڈیڑھ ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم ملی ہے۔