پٹنہ، //بہار کے سہرسہ، دربھنگہ،سمستی پور اور کھگڑیامیں بجلی گرنے سے دس لوگوں کی موت ہوگئی اور ایک بری طرح جھلس گیا۔ سہرسہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق ضلع کے الگ الگ تھانہ علاقوں میں بجلی گرنے سے تین بچوں سمیت چار افراد کی جھلس کر موت ہوگئی۔ سمری بختیار پور بلاک کے افسر انل کمار نے بتایا کہ سمری بختیار پور تھانہ کے کڑھوا گاوں میں بارش کے ساتھ بجلی گرنے سے دو بچے منیش اور اویناش کی موقع پر ہی موت ہوگئی اسی تھانہ علاقہ کے ترکی گاوں میں رینوکمار کی موت ہوگئی۔ کمار نے بتایا کہ ضلع کے سلکھوا تھانہ علاقے کے گوکھ پور گاوں میں بارش کے دوران بجلی گرنے سے رام ساگر کی جھلس کر موت ہوگئی انہوں نے بتایا کہ تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے سہرسہ صدر اسپتال بھیج دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کے گھر والوں کو انتظامیہ کی طرف سے چار چار لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جارہا ہے ۔ دربھنگہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق ضلع کے کوشیشور استھان تھانہ علاقے کے بربوتھناہا گاوں میں بجلی گرنے سے چار لوگوں کی موت ہوگئی ۔ ضلع مجسٹریٹ چندر شیکھر پرساد سنگھ نے یہاں بتایا کہ بربو تھنا ہا گاوں میں کھیت میں جب کچھ لوگ کام کررہے تھے تبھی بجلی گرنے سے مہادیو یادو اور ہرے رام یادو کی موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک دیگر واقعہ میں بجلی گرنے سے جناردن رام اور مدن یادو کی موت ہوگئی ۔ مرنے والوں کے خاندان کو انتظامیہ کی طرف سے چار چار لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ سمستی پور سے موصولہ اطلاع کے مطابق ضلع کے وارث نگر تھانہ علاقہ کے گوہی رہووا گاوں میں کھیت میں کچھ لوگ کام کررہے تھے کہ اچانک بارش شروع ہوگئی اس دوران بجلی گرنے سے مکیش مہتو کی موت ہوگئی جب کہ آشیم کمار بری طرح جھلس گیا۔ اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔کھگڑیا سے موصولہ رپورٹ کے مطابق بٹو کمار نامی ایک شخص گھر کے نزدیک ہی مویشی چرا رہا تھا کہ تیز بارش کے ساتھ بجلی گرنے سے اس کی موت ہوگئی۔یو این آئی