عظمیٰ نیوز سروس
برگنج//ہندوستان اور نیپال کے درمیان برگنج۔رکسول سرحد پر گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے اور سرحد کو بند کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے قبل حفاظتی تدابیر کے طور پر کیا گیا ہے، جو 11 نومبر کو منعقد ہوں گے۔ہندوستان۔نیپال کی مختلف سرحدی گذرگاہوں کو انتخابات کے دوران سیکورٹی بڑھانے کے لیے 72 گھنٹوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ مہوتری کے اسسٹنٹ چیف ڈسٹرکٹ آفیسر سنجے کمار پوکھریل نے کہا کہ بہار، ہندوستان میں انتخابات 11 نومبر کو ہونے والے ہیں۔ سیکورٹی کے نقطہ نظر سے ہم نے سرحد پار نقل و حرکت روک دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہوتری ضلع کی تمام سرحدی گذرگاہوں کو بند کر دیا گیا ہے… سرحدی دروازے کل شام (ہفتہ) 6 بجے سے بند کر دیے گئے تھے۔دوسری جانب، بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی مہم اتوار کو ختم ہو گئی، اور این ڈی اے و مہاگٹھ بندھن دونوں کے سرکردہ رہنماؤں نے 11 نومبر کی ووٹنگ سے قبل ووٹروں سے اپنی آخری اپیلیں کیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سسارام میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قومی سلامتی کا مضبوط پیغام دیا اور خبردار کیا کہ آئندہ کسی بھی دہشت گرد حملے کا “فیصلہ کن جواب” دیا جائے گا۔ انہوں نے بہار میں دفاعی راہداری قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس مقدس شکتی پیٹھ کی سرزمین پر میں یہ کہہ رہا ہوں، اگر دہشت گرد گولی چلائیں گے تو ہم جواب گولے سے دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ریاست میں ایک اسلحہ ساز فیکٹری قائم کریں گے۔