۔ 20نومبر کو نئی حکومت کی حلف برداری
عظمیٰ نیوز سروس
پٹنہ// جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سربراہ نیتیش کمار نے بہار کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے پیر کے روز استعفیٰ دے دیا، نیتیش کمار نے یہاں راج بھون میں گورنر عارف محمد خان کو اپنا استعفیٰ پیش کیا۔گورنر نے ان کا استعفیٰ قبول کر لیا اور نئی حکومت کے قیام تک وزیر اعلیٰ کے عہدے پر رہنے کی درخواست کی ہے ۔ اس سے قبل نیتیش کابینہ کا آخری اجلاس ہوا، جس میں کیبنٹ کو تحلیل کرنے کی قرارداد منظور کی گئی۔واضح رہے کہ بہار اسمبلی انتخابات میں جے ڈی یو اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد کو بھاری اکثریت حاصل ہوئی ہے ۔بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے لیے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ بننے کی راہ ہموار ہو چکی ہے۔ موجودہ حکومت کی آخری کابینہ میٹنگ ختم ہوئی، جس میں 17ویں اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش کر دی گئی۔ سبھی وزرا نے اپنا استعفیٰ دے دیا، اور اس کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار راج بھون پہنچے۔ وہاں انھوں نے کچھ دیر بہار کے گورنر عارف محمد خان سے بات چیت کی، اور پھر انھیں اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز سونپ دی۔ 19 نومبر کو موجودہ اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ریاستی وزیر پریم کمار نے بھی میڈیا کو بتایا کہ کابینہ کی میٹنگ میں اسمبلی تحلیل کرنے سفارش کی گئی۔ اب 20 نومبر کو نئی حکومت کی حلف برداری ہوگی۔ وزیر اعظم بھی اس حلف برداری تقریب میں شامل ہوں گے۔راج بھون سے نکلنے کے بعد نتیش کمار اپنی پارٹی کے لیڈران کے ساتھ قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کرنے والے ہیں۔ جنتا دل یو کے لیڈران وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کریں گے۔ 18 نومبر کو بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ بھی ہوگی۔ پھر این ڈی اے لیڈران کی میٹنگ ہوگی، جس میں نتیش کمار کے نام پر مہر لگے گی۔