عظمیٰ نیوز سروس
پٹنہ //بہار اسمبلی انتخاب 2025 کے پیش نظر حکمران اتحاد این ڈی اے نے جمعہ کو اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا۔ ’سنکلپ پتر‘ کے نام سے جاری اس منشور میں عوام سے کئی وعدے کیے گئے ہیں۔ بی جے پی، جے ڈی یو اور دیگر اتحادی جماعتوں نے مشترکہ طور پر یہ عہد کیا ہے کہ اگر ریاست میں دوبارہ ان کی حکومت بنتی ہے تو بہار کو روزگار، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نئی سمت دی جائے گی۔منشور میں اہم ترین اعلان ایک کروڑ سے زیادہ سرکاری نوکریوں اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا کیا گیا ہے۔ این ڈی اے نے کہا کہ بہار میں پہلی مرتبہ ’کوشل جن گننا‘ یعنی مہارت پر مبنی مردم شماری کرائی جائے گی، جس کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیت کے مطابق روزگار دیا جائے گا۔ اسی مقصد سے ہر ضلع میں میگا اسکل سینٹر قائم کیے جائیں گے تاکہ بہار کو ایک ’میگا اسکلنگ سینٹر‘ کے طور پر ترقی دی جا سکے۔خواتین کے لیے بھی منشور میں خصوصی وعدے کیے گئے ہیں۔ مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا کے تحت خواتین کو دو لاکھ روپے تک کی مالی امداد فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک کروڑ خواتین کو ’لکھ پتی دیدی‘ بنانے کی اسکیم پر زور دیا گیا ہے، تاکہ خواتین مالی طور پر خود کفیل بن سکیں۔صحت کے شعبے میں این ڈی اے نے اعلان کیا ہے کہ بہار کے ہر منظور شدہ ضلع میں میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا۔ ساتھ ہی ایک عالمی معیار کی ’میڈی سٹی‘ بھی بنائی جائے گی، جہاں جدید علاج کی تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔ منشور میں کہا گیا ہے کہ بہار اب علاج کے لیے دوسرے صوبوں پر انحصار نہیں کرے گا بلکہ دوسری ریاستوں کے مریض یہاں علاج کے لیے آئیں گے۔این ڈی اے کے سنکلپ پتر میں پچاس لاکھ پکے مکانات تعمیر کرنے، مفت راشن دینے، 125 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرنے اور پانچ لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کے بزرگوں اور مستحقین کے لیے سماجی تحفظ پنشن اسکیم میں توسیع کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔منشور میں انفراسٹرکچر کی ترقی پر بھی خاص زور دیا گیا ہے۔ این ڈی اے نے وعدہ کیا ہے کہ پٹنہ، دربھنگہ، پورنیہ اور بھاگلپور میں بین الاقوامی معیار کے چار نئے ایئرپورٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی مٹرو جیسی جدید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ این ڈی اے کے مطابق اس سے نہ صرف ضلعوں کے درمیان رابطہ بہتر ہوگا بلکہ سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔منشور کے اجرا کے دوران این ڈی اے کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ یہ سنکلپ پتر بہار کو ایک خوشحال، تعلیم یافتہ اور خودمختار ریاست بنانے کا عزم رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے ایک بار پھر این ڈی اے پر اعتماد کیا تو بہار ترقی اور روزگار کے نئے دور میں داخل ہوگا۔
 
								 
			 
		 
		 
		 
		 
		 
		 
		