محمد بشارت
کوٹرنکہ //راجوری ضلع کے خواص علاقے کے گاؤں بھیلہ میں جمعرات کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک معمر خانہ بدوش شخص دریا کے کنارے اپنی بھیڑیں دھوتے ہوئے پانی میں گر کر ڈوب گیا۔ مقامی لوگوں کی کوششوں کے باوجود اسے بچایا نہ جا سکا۔جاں بحق شخص کی شناخت محمد یوسف ولد غلام حسین، ساکن ممانکوٹ (ضلع ریاسی) کے طور پر ہوئی ہے، جو ان دنوں اپنے مال مویشیوں کے ساتھ خواس علاقے میں مقیم تھا۔محمد یوسف صبح کے وقت دریائے بھیلہ کے کنارے اپنی بھیڑوں کو دھو رہا تھا کہ اچانک پھسل کر پانی میں جا گرا۔ آس پاس موجود مقامی افراد نے اسے پانی سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی اور فوراً مدد کے لئے دوڑے، لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیا اور بعد ازاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں اسے ایک حادثاتی موت قرار دیا جا رہا ہے۔مقامی لوگوں نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال گرمیوں کے دوران خانہ بدوش طبقہ اپنے مال مویشیوں کے ساتھ پہاڑی علاقوں کا رخ کرتا ہے، لیکن ان کے لیے مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث اکثر ایسے افسوسناک واقعات رونما ہوتے ہیں۔