جموں//لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کی ہدایت پر محکمہ صحت نے جموںوکشمیر میں کووِڈ ۔19کے خلاف جاری سرگرمیوں کو مزید مستحکم کرنے کے لئے یاتری نواس بھگوتی نگر جموںکو کووِڈکیئر سینٹر میں تبدیل کیا ہے جس میں 500بستروں کی گنجائش قائم کی گئی ہے ۔یہ پہلا انتظامی کورنٹین سینٹر ہوگا جس کو کووِڈ کیئر سینٹر میں تبدیل کیا گیا ہے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکے ۔اِس کووِڈکیئر سینٹر کو تمام طرح کی جدید سہولیات سے لیس کیا گیا ہے۔اِس سینٹر کے نوڈل آفیسر سدھیر بالی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اِس کووڈ کیئر سینٹر میں 500بستروں کی سہولیت دستیاب رکھی گئی ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ جموں کے ہسپتالوں پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لئے اِس کی گنجائش 2000بستروں تک بڑھائی جائے گی۔نوڈل آفیسر نے مزید کہا کہ اِس مرکز کو مشتبہ معاملات جن کے نمونوں کے نتائج ابھی تک نہ آئے ہوں ، کے لئے قائم کیا گیا ہے۔نوڈل آفیسر کے مطابق اِس مرکز پر پہلے ہی پرائمری ہیلتھ سینٹر کے ڈاکٹروں نے کام شروع کیا ہے ۔ اس مرکز پر ایمبولنس سروس بھی دستیاب رکھی گئی ہے تاکہ کسی نازک مریض کو ہسپتال پہنچا نے میں مدد مل سکے۔ محکمہ صحت کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر عثمانی سعودی نے کہا کہ طبی اور نیم طبی عملہ اِس مرکزپر پروٹوکال کے عین مطابق اپنے فرائض انجام دے رہا ہے ۔اِس کے علاوہ اس مرکز پر وقفے وقفے سے کیمیکلز کا چھڑ کائو کیا جارہا ہے اور سیکورٹی کے بھی معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔حکومت نے کہا ہے کہ اِس مرکز پر پی پی ای ، سینٹائزر اور ماسکس کی مناسب تعداد دستیاب رکھی گئی ہے ۔ اس سینٹر پر سینٹیشن ٹنل بھی لگایا گیا ہے۔