جاوید اقبال
مینڈھر// پونچھ ضلع کے سب ڈویژن مینڈھر کے بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ کے ناڈ جنگلات میں زبردست آگ بھڑک اٹھی ہے۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ مینڈھر کے بھاٹہ دھوڑیاں علاقے کے ناڈ جنگلات میں شدید آگ لگی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں پیڑ پودے جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ آگ پر قابو پانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں تاہم ابھی تک اس پر کنٹرول نہیں کیا جاسکاہے۔ذرائع نے بتایا کہ اس وقت پورا علاقہ گہرے دھویں کی لپیٹ میں ہے اور آگ کے شعلے بھڑکتے دکھائی دے رہے ہیں۔ کئی کلو میٹر دور سے آگ کے شعلوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔البتہ جنگل کو آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی اور آگ نے کئی کلو میٹر علاقہ اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جبکہ کئی جانور بھی آگ کی لپیٹ میں آ کر مارے گئے ہیں کیونکہ علاقہ کے اندر دھواں ہی دھواں ہے جبکہ متعلقہ محکمہ کے ملازمیں نے علاقہ کے لوگوں کے ساتھ مل کر آگ بجھانے کا کام شروع کیا ہوا ہے لیکن آگ کنٹرول سے باہر ہے جبکہ محکمہ نے آگ بجھانے کیلئے فائر سروس کی گاڑيوں کا بھی سہارا لیا ہوا ہے ۔