عظمیٰ نیوزسروس
بھٹنڈہ// پنجاب کے ضلع بھٹنڈہ کے اکلیان کلاں گاؤں میں بدھ کی علی الصبح ایک نامعلوم طیارے کے گرنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی اور 9 دیگر زخمی ہو گئے ۔ متوفی کی شناخت ہریانہ کے چرکھی دادری کے رہنے والے گووند کے طور پر ہوئی ہے ، جو کھیت مزدور کے طور پر کام کرتا تھا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق طیارہ آبادی والے علاقے سے تقریباً 500میٹر دور گندم کے کھیتوں میں صبح 2 بجے کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ جائے حادثہ ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 20کلومیٹر دور ہے ۔ پائلٹ کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ دفاعی عملے اور پولیس کی ٹیموں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ گئے ہیں۔طیارے کی شناخت کے بارے میں ضلعی حکام خاموش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے پر صرف دفاعی اہلکار ہی کوئی تبصرہ جاری کریں گے ۔ دفاعی عملے اور پولیس کی ٹیموں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور کارروائی کے لیے فائر ٹینڈرز کو تعینات کر دیا گیا ہے ۔ گاؤں میں موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ وہ گر کر تباہ ہونے والے طیارے کی تیز آواز سے بیدار ہوئے ، جس نے فوری طور پر آگ پکڑ لی۔ جیسے ہی لوگوں نے جلتے ہوئے طیارے کو دیکھا تو پائلٹوں کو بچانے کے لیے دوڑے ۔ جب دیہی پاشندے جہاز کی طرف بھاگ رہے تھے تو یہ پھٹ گیا جس سے ان میں سے کئی زخمی ہو گئے ۔ کچھ دیہاتی جلتے ہوئے ہوائی جہاز کی آگ اور چھروں ے سے زخمی ہوئے ۔ متاثرہ کو فوری طور پر گونیانہ کے پبلک ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ زخمیوں کو شہید بھائی منی سنگھ سول اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے کم از کم ایک کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز)، بھٹنڈہ ریفر کیا گیا۔