نریندرمودی
آج، 8ستمبر، ان تمام لوگوں کے لیے ایک بہت ہی خاص دن ہے جو بھارتی ثقافت اور موسیقی کے دیوانے ہیں۔ یہ خاص طور پر میری بہنوں اور آسام کے بھائیوں کے لیے خاص ہے۔ بہر حال، یہ ڈاکٹر بھوپین ہزاریکا کا یوم پیدائش ہے، جو بھارت کی سب سے غیر معمولی آوازوں میں سے ایک ہیں۔ جیسا کہ آپ سب واقف ہیں، اس سال ان کی پیدائش کی صد سالہ تقریبات کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ بھارتیہ فنکارانہ اظہار اور عوامی شعور میں ان کی یادگار شراکت پر نظرثانی کرنے کا موقع ہے۔
بھوپین دا نے ہمیں جو کچھ دیا وہ موسیقی سے کہیں آگے ہے۔ ان کے کاموں میں جذبات کو مجسم کیا گیا جو راگ سے ماورا تھا۔ وہ صرف ایک آواز سے زیادہ لوگوں کے دلوں کی دھڑکن تھے۔ نسلیں ان کے گانوں کو سنتے ہوئے پروان چڑھی ہیں، ہر لفظ رحمدلی، سماجی انصاف، اتحاد اور گہری جڑوں موضوعات سے گونجتا ہے۔
آسام سے ایک آواز ابھری جو ایک لازوال دریا کی طرح بہتی، سرحدوں اور ثقافتوں کو پار کرتی ہوئی، اپنے ساتھ انسانیت کا جذبہ لے کر چلی گئی۔ بھوپین دا نے دنیا بھر کا سفر کیا، معاشرے کے تمام شعبوں میں ان لوگوں سے کندھے ملائے، لیکن وہ آسام میں اپنی جڑوں سے گہرے جڑے رہے۔ آسام کی بھرپور زبانی روایات، لوک دھنوں اور کمیونٹی کی کہانی سنانے کے طریقوں نے ان کے ابتدائی بچپن میں گہرا اثر ڈالا۔ ان تجربات نے ان کی فنی ذخیرہ الفاظ کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے ہمیشہ آسام کی مقامی شناخت اور ان کے لوگوں کی اخلاقیات کے جذبے کو آگے بڑھایا۔
بہت چھوٹی عمر میں بھوپین دا کے پاس ذہانت آئی۔ صرف پانچ سال کی عمر میں، انہوں نے ایک عوامی تقریب میں گایا اور جلد ہی آسامی ادب کی علمبردار شخصیت لکشمی ناتھ بیزبرواہ کی توجہ اپنی طرف مبذول کر لی۔ جب وہ نوعمری میں تھے، انہوں نے اپنا پہلا گانا ریکارڈ کرایا تھا۔ لیکن موسیقی ان کی شخصیت کا صرف ایک حصہ تھی۔ بھوپین دا دل سے اتنے ہی دانشور تھے۔ متجسس، بے باک اور دنیا کو سمجھنے کی غیر تسلی بخش خواہش سے متاثر تھے۔ جیوتی پرساد اگروالا اور بشنو پرساد رابھا جیسے ثقافتی ہیروزنے ان کے ذہن پر گہرا اثر چھوڑا اور ان کی تجسس کے جذبے کو بھی گہرا کیا۔ یہ سیکھنے کی خواہش بھی تھی جس نے انہیں بنارس ہندو یونیورسٹی کے کاٹن کالج میں مہارت حاصل کرنے کے بعدانہیں امریکہ لےگئی جہاں انہوں نے اس وقت کے معروف ماہرین تعلیم، مفکرین اور موسیقاروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے لیجنڈ آرٹسٹ اور شہری حقوق کے رہنما پال روبسن سے ملاقات کی۔ روبسن کا گانا’اوآئی مین ریور‘ بھوپین دا کی مشہور کمپوزیشن’ بسٹیرنو پارورے‘ کے لیے باعث ترغیب بن گئی۔ انتہائی پسند کی جانے والی سابق امریکی خاتون اول، ایلینور روزویلٹ نے انھیں بھارتیہ لوک موسیقی کی پرفارمنس کے لیے گولڈ میڈل سے نوازا۔
بھوپین دا کے پاس امریکہ میں رہنے کا متبادل تھا، لیکن وہ بھارت واپس آئے اور خود کو موسیقی میں غرق کر دیا۔ ریڈیو سے تھیٹر، فلموں سے لے کر تعلیمی دستاویزی فلموں تک، وہ ان میں سے ہر ایک میڈیا سے بخوبی واقف تھے۔ وہ جہاں بھی گئے انہوں نے نوجوان ٹیلنٹ کو سپورٹ کرنے پر زور دیا۔ ان کے کاموں میں گیت کا مزاج شامل ہے ، سماجی پیغامات بھی دیے گئےجن میں سے چند غریبوں کے لیے انصاف، دیہی ترقی، عام شہریوں کی طاقت وغیرہ ہیں۔ اپنی موسیقی کے ذریعے، انہوں نے کشتی والوں، چائے کے باغ کے کارکنوں، خواتین، کسانوں وغیرہ کی امنگوں کو آواز دی، پرانی یادوں کے علاوہ، بھوپین دا کے کام جدیدیت کو دیکھنے کے لیے ایک طاقتور عینک بھی بن گئے۔ بہت سارے لوگوں نے، خاص طور پر ان جیسے سماجی طور پر پسماندہ طبقات سے، ان کی موسیقی سے طاقت اور امید حاصل کی۔
بھوپین ہزاریکا کی زندگی کے سفر میں ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو طاقتور اظہار ملا۔ ملک بھر کے لوگوں کو متحد کرنے کے لیے ان کے کام لسانی اور علاقائی حدود سے ماورا تھے۔ انہوں نے آسامی، بنگالی اور ہندی میں فلموں کے لیے کمپوز کیا۔ انہوں نے آسام کو باقی بھارتیہ کے لیے مرئی اور قابل سماعت بنایا۔ یہ کہنا کوئی مبالغہ آرائی نہیں ہے کہ انھوں نے ریاست کے اندر رہنے والوں اور پوری دنیا میں آسامی باشندوں کے لیے جدید آسام کی ثقافتی شناخت کو تشکیل دینے میں مدد کی۔
بھوپین دا، اگرچہ حقیقی معنوں میں سیاسی شخصیت نہیں تھے، لیکن عوامی خدمت کی دنیا سے بھی جڑے رہے۔ 1967 میں، وہ آسام کے نوبویچا حلقہ سے ایک آزاد ایم ایل اے کے طور پر منتخب ہوئے، جس نے یہ ظاہر کیا کہ ان کی عوامی شخصیت کی جڑیں عوام کے اعتماد میں کتنی گہری ہیں۔ اگرچہ وہ کبھی بھی کیریئر کے سیاست دان نہیں بنے، لیکن دوسروں کی خدمت کرنے کا ان کا جذبہ بہت اثر انگیز تھا۔
بھارت کی عوام اور حکومت نے ان کی بے پناہ شراکتوں کو کئی سالوں میں تسلیم کیا ہے۔ انہیں پدم شری، پدم بھوشن، پدم وبھوشن، دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا۔ 2019 میں،یہ میرے لیے ذاتی طور پر اور این ڈی اے حکومت کے لیے اعزاز کی بات تھی کہ ہمارے دور میں انھیں بھارت رتن سے نوازا گیا۔ دنیا بھر کے لوگوں، خاص طور پر آسام اور شمال مشرق کے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا
کہ انہیں یہ اعزاز دیا گیا ہے۔ اس اعزاز نے ان اصولوں کا جشن منایاجو بھوپین دا کیلئے ہر دل عزیز تھے، کہ موسیقی، جب سچائی پر مبنی ہو، تمام رکاوٹوں کو عبور کر سکتی ہے۔ ایک گانا لوگوں کے خوابوں کا وزن اٹھا سکتا ہے اور پوری دنیا کے دلوں کومتاثر کرسکتا ہے۔
مجھے وہ وقت یاد ہے جب بھوپین دا کا 2011 میں انتقال ہوا تھا۔ میں نے ٹیلی ویژن پر دیکھا تھا کہ کس طرح ان کی آخری رسومات میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی۔ اس وقت ہر آنکھ نم تھی۔ موت میں بھی، اپنی شاندار زندگی کی طرح، انھوں نے لوگوں کو اکٹھا کیا۔ یہ مناسب تھا کہ ان کی جلوکباری پہاڑی پر آخری رسومات ادا کی گئی جہاں سے برہما پترا کا منظر دکھائی دیتا ہے۔یہ وہی دریا ہے جو ان کی موسیقی، استعاروں اور یادوں کی لائف لائن رہی تھی۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ آسام حکومت نے بھوپین ہزاریکا کلچرل ٹرسٹ کے کام کی حمایت کی ہے، جو نوجوانوں میں ان کی زندگی کے سفر کو مقبول بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
بھوپین ہزاریکا کی زندگی ہمیں ہمدردی، لوگوں کو سننے اور جڑے رہنے کی طاقت سکھاتی ہے۔ ان کے گیت نوجوان اور بوڑھے یکساں گاتے رہتے ہیں۔ ان کی موسیقی ہمیں ہمدرد اور بہادر بننا سکھاتی ہے۔ یہ ہم سے اپنے دریاؤں، اپنے مزدوروں، اپنے چائے مزدوروں، ہماری ناری شکتی اور ہماری یووا شکتی کو یاد کرنے کو کہتی ہے۔ یہ ہمیں تنوع میں اتحاد پر یقین کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
یہ بھارت کی خوش نصیبی ہے کہ اسے بھوپین ہزاریکا جیسی قدآور شخصیت ملی۔ جب ہم ان کے فن کا صد سالہ جشن منا رہے ہیں، آئیے ہم ان کے پیغام کو دور دور تک پھیلانے کے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔ یہ ہمیں موسیقی، فن اور ثقافت کی حمایت کے لیے کام کرتے رہنے، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرنے اور بھارت کو تخلیقی صلاحیتوں اور فنکارانہ عمدگی کی پرورش کا مرکز بنانے کی ترغیب دے گا۔
یہ کتنا دلفریب نکتہ ہے کہ ہندوستان کے سب سے اہم انفراسٹرکچر پروجیکٹس میں سے ایک، دھولا اور سدیہ کو جوڑنے والا پل، بھوپین ہزاریکا کے نام سے منسوب ہے۔ جس طرح ان کے گانوں نے خطوں میں دلوں کو جوڑنے کا کام کیا ہے اسی طرح اس پل نے زمینوں اور لوگوں کو جوڑ دیا ہے۔
مضمون نگار ملک کے وزیر اعظم ہیں ، بشکریہ پی آئی بی