ڈوڈہ//سابق ریاستی وزیر اورایم ایل اے اندروال غلام محمد سروڑی نے بھلیسہ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ بھدرواہ سے منسلک کرنے کے فیصلے کی ایک بار پھر شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے بھلیسہ کو پہاڑی ضلع کا درجہ دینے کے اہلیانِ بھلیسہ کی مطالبہ کی حمایت کی ہے۔اندروال کی بٹیاس پنچائت میں عوامی شکایت ازالہ کیمپ کے دوران سروڑی نے بھلیسہ کو بھدرواہ سے منسلک کرنے کے فیصلے کے خلاف بھلیسہ کے لوگوں کے احتجاج کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہاڑی ضلع کا درجہ ملنے تک بھلیسہ کو ڈوڈہ کے ساتھ ہی رکھا جانا چاہیے اور بھدرواہ کے ساتھ منسلک کرنے کے فیصلے کو فوری طور منسوخ کیا جانا چاہیے تاکہ لوگوں کو مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس سے قبل سروڑی کی آمد پر سابق سرپنچ بٹیاس پنچائت مسرت حسین نیائک اور سابق سرپنچ بدھلی یونس رشید ملک کی قیادت میں مقامی لوگوں نے اس فیصلے کے خلاف زبردست احتجاج اور زور دار نعرہ بازی کی اور ایم ایل اے اندروال سے اپیل کہ بھلیسہ کو بھدرواہ کے ساتھ منسلک کرنے کے فیصلے کی منسوخی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بھلیسہ کو بھدرواہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سے منسلک کرنے کا فیصلہ نا قابلِ قبول ہے جس اگر منسوخ نہ کیا گیا تو عوام سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہو گی۔سروڑی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ اُن کے ساتھ ہیں اور اس سلسلہ میں اُن کی بھر پور مدد کریں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف یہ کہ بھلیسہ کو پہاڑی ضلع کا درجہ دینے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں بلکہ اس کے لئے وہ ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کے لئے بھی تیار ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ بھدرواہ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کا درجہ دئیے جانے پر وہ خوش ہیں اور اہلیانِ بھدرواہ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں کہ اُنہیں اُن کا حق ملا ہے مگر بھلیسہ کو بھدرواہ کے ساتھ منسلک کرنا سراسر زیادتی ہو گی ۔اُنہوں نے کہا کہ آج کے دور میں اس کی کوئی گنجائش نہیں ہے کہ لوگوں کو اے ڈی سے دفتر تک جانے کے لئے 120کلومیٹر کا سفر کرنے کے لئے مجبور کیا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹس کے قیام کے سلسلہ میں وضع کئے گئے ضوابط کے مطابق تحصیل کی حدود15کلومیٹر،سب ضلع کی 20 کلومیٹر اور ڈسٹرکٹ کی حدود 50 کلومیٹر کے اندر ہونا چاہیے،جس کے مطابق بھلیسہ کا یہ حق بنتا ہے کہ اسے ضلعے کا درجہ دیا جائے ۔اُنہوں نے کہا کہ جب جموں کے میدانی علاقوں اور وادیٔ کشمیر میں ایک ضلع صدر مقام سے دوسرے ضلع صدر مقام تک کا فاصلہ پچاس کلومیٹر سے زائد نہیں ہے تو بھلیسہ کو ضلع کا درجہ کیوں نہیں مل سکتا جس کا فاصلہ ضلع صدر مقام سے 70سے80کلومیٹر اور اے ڈی سی دفتر بھدرواہ سے 100کلومیٹر سے بھی زیادہ ہے۔اُنہوں نے بھلیسہ کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس آمرانہ اور عوام مخالف فیصلے کے خلاف آواز بلند کریں کیوں کہ اگر وہ آج خاموش رہے تو اس کا خمیازہ اُن کی نسلوں کو بھگتنا پڑے گا۔اس موقع پر مقامی لوگوں نے کچھ دیگر مسائل کو بھی ایم ایل کے سامنے اُجاگر کیا اور اُن کے سامنے کچھ مطالبات رکھے ۔سروڑی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کروایا جائے گا اور اُن کے جائز مطالبات کو پورا کیا جائے گا۔