ڈوڈہ//محکمہ جنگلات کی ایک ٹیم نے بھلیسہ رینج کے پنگل بلاک میں 15 کنال جنگلاتی اراضی پر سے غیر قانونی قبضہ چھڑایا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیف کنزرویٹر چناب سرکل و ڈی ایف او بھدرواہ کی سرپرستی، رینج آفیسر بھلیسہ شیخ ظفراللہ کی ہدایت و نگرانی اور بلاک فارسٹ آفیسر پنگل ریاض احمد میر کی قیادت میں محکمہ کی ایک ٹیم نے بھلیسہ کے چانپل گاؤں کے مضافاتی کمپارٹمنٹ نمبر چار میں ایک کاروائی کے دوران ناجائز طریقہ سے ہتھیائی گئی 15 کنال جنگلاتی اراضی پر سے غیر قانونی قبضہ چھڑا لیا۔متعدد فارسٹ گارڈوں، فارسٹ پروٹیکشن اہلکاروں اور محکمہ کے دیگر ملازمین پر مشتمل ٹیم نے اتوار کے روز کمپارٹمنٹ نمبر چار میں جنگلاتی اراضی میں اْگائی گئی فصل کو تباہ کیا، حفاظتی دیواروں کو منہدم کیا اور باڑ کو اکھاڑ پھینکا۔اس موقع پر بلاک فارسٹ آفیسر پنگل ریاض احمد میر نے جنگلاتی زمین ہر قبضہ کرنے والوں کو متنبہ کیا کہ وہ آئندہ اس قسم کی حرکات سے باز رہیں ورنہ اْن کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔اْنہوں نے کہا کہ جنگلات کی حفاظت ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے جس کی ادائیگی میں اگر ہم نے سہل انگاری سے کام لیا تو نہ صرف ہمیں بلکہ ہماری نسلوں کو بھی اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔واضح رہے کہ رینج آفیسر بھلیسہ شیخ ظفراللہ نے جنگلاتی اراضی کو غیر قانونی قابضین سے چھڑانے کے لئے ایک زبردست مہم شروع کی ہے جس کے دوران ابھی تک سینکڑوں کنال اراضی بازیاب کروائی گئی ہے۔ عوامی حلقوں میں جنگلاتی زمین کی بازیابی کی خاطر شروع کی گئی مہم کو بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔