بھدرواہ //ضلع ڈوڈہ کے بھلیسہ علاقہ میں ایک کار کو پیش آئے حادثہ میں میاں بیوی کی موت واقعہ ہو گئی جب کہ ان کا ایک بیٹا اور دوبیٹیاں زخمی ہو گئیں۔ یہ حادثہ چلی بالا ملک پورہ علاقہ میںاتوار کی صبح6:30بجے اس وقت پیش آیاجب یہ کنبہ چلی بالا سے ڈوڈہ کی طرف جا رہا تھا کہ مکھیاس کے قریب ان کی گاڑی ایک تیکھے موڑ پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گری اور اس میں سوار تمام 5افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ایڈیشنل ایس پی بھدرواہ راجندر سنگھ نے بتایا کہ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقعہ پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو گندو سب ضلع ہسپتال پہنچایا جہاں 55سالہ سنتوش دیوی نے دم توڑ دیا جب کہ اس کا شوہر 61سالہ بودھراج منہاس ضلع ہسپتال ڈوڈہ منتقل کئے جانے کے دوران زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ زخمیوں میں ان کا بیٹا دیپک سنگھ اور بیٹیاں ویرتا و پونم تمام ساکنان چلی بھلیسہ شامل ہیں۔ ان زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد جموں میڈیکل کالج منتقل کر دیا گیا ہے ۔