سرینگر//جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ محکمہ اطلاعات، خوراک اور لیگل میٹرالوجی کی طرف سے ریفر کی گئی403 اسامیوں کو اس سال کے آخر تک پُر کرے گا۔ یہ اطلاع سیکرٹری جے کے این ایس ایس بی تصدق حسین نے ایک میٹنگ کے دوران وزیر خوراک، شہری رسدات، امور صارفین اور اطلاعات چوہدری ذوالفقار علی کو دی۔وزیر کی طرف سے اُٹھائے گئے سوال آیا کہ ان اسامیوں کو اب تک پُر کیوں نہیں کیا گیا، کے جواب میں سیکرٹری نے یقین دلایا کہ یہ بھرتی عمل اس سال کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ سال2005 میں محکمہ اطلاعات نے205 اسامیوں کو پُر کرنے کے لئے جے کے ایس ایس بی کو ریفر کیا ان میں سے49 اسامیوں کو پُر کیا گیا جبکہ156 اسامیوں کی بھرتی کا عمل جاری ہے۔اسی طرح محکمہ خوراک کے افسروں نے بتایا کہ محکمہ کی233 اسامیوں کو پُر کرنے کے لئے بورڈ کو بھیجا گیا تھا ان پر اب تک کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ اسی طرح ایل ایم ڈی کی14 اسامیاں بھی اب تک پُر نہیں کی گئیں۔وزیر نے بورڈ کے اس رویے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے جے کے ایس ایس بی کو اسامیوں کو پُر کرنے کے لئے پوری طرح استحکام بخشا ہے، بپھر بھی بورڈ نے ان اسامیوں کو پُر کرنے کا عمل التواء میں رکھا ہے۔بورڈ کو فوری طور خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ بھرتی عمل میں سست رفتاری کی وجہ سے بہت سارے بے روز گار نوجوانوں کا مستقبل تاریک بن سکتا ہے۔ وزیر نے کہا کہ کئی ایسے نوجوان بھی ہیں خاص طور پر کلڑکیاں، جن کے رشتہ نوکری نہ ملنے کی وجہ سے رُکے پڑے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ بورڈ اپنی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے کام کاج میں سرعت لاکر بھرتی عمل میں تیزی لائے۔چوہدری ذوالفقار نے متعلقہ محکموں کوہدایت دی کہ وہ کلاس فورتھ اسامیوں کی بھرتی مکمل کریں جن کی بھرتی کے وہ خود مجاز ہیں۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری محکمہ اطلاعات ایم ایچ ملک، کمشنر سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے شفیق رینہ، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے جموں آر اے انقلابی، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے کشمیر نثار احمد وانی، ناظم اطلاعات مُنیر الاسلام، سپیشل سیکرٹری انفارمیشن آر کے کٹوچ، جوائنٹ کنٹرولر جموں وی ایس سمبیال، ڈپٹی کنٹرولر ایل ایم ڈی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔